کراچی ،اہلکاروں کی شہادت عزم متزلزل نہ کرسکی، اورنگی ٹاؤن میں ایک بار پھر انسداد پولیو مہم شروع کر دی گئی

جمعرات 21 اپریل 2016 16:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) پولیو ورکرز کی سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی شہادت کے افسوسناک واقعے کے بعد اورنگی ٹاؤن میں ایک بار پھر انسداد پولیو مہم شروع کر دی گئی ہے۔ پولیو ورکز کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے پولیس اہلکاروں کے ساتھ سندھ پولیس کے اسپیشل کمانڈوز کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو مہم کے خلاف دہشت گردوں کی ظالمانہ کارروائیاں بھی ورکرز اور پولیس اہلکاروں کے حوصلے پست نہیں کر سکیں۔

(جاری ہے)

7 پولیس اہلکاروں کی شہادت کے اگلے ہی روزجمعرات کو اورنگی ٹاوٴن میں ایک بار پھر انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی ہے۔ پولیو کے خاتمے کا عزم لئے ورکز گھر گھر پہنچ کر بچوں کو ویکسین پلاتے رہے،جبکہ پولیس اہلکار اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ان کی حفاظت یقینی بناتے رہے تاہم گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد پولیو ورکز کی سکیورٹی بڑھا دی گئی۔ انسداد پولیو مہم میں درپیش تمام تر خطرات کے باوجود محکمہ صحت انتظامیہ اور پولیس اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔