گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ایران کے سفیر مہدی ہوناردوست کی ملاقات ، دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 21 اپریل 2016 16:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں ایران کے سفیر مسٹر مہدی ہوناردوست نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ ایران پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور دونوں ممالک کے درمیان قدیم، تاریخی اور ثقافتی تعلقات باہمی احترام اور دوطرفہ تعاون پر قائم ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان مسلم ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے تاکہ مسلم امہ معاشی ترقی کے عمل میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات اس بات کا ثبوت ہیں کہ دونوں ملک معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کی مزید ضرورت ہے اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کے تاجروں کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے توانائی کے بحران کو حل کرنے میں مدد ملے گی جس سے نہ صرف خطے میں خوشحالی آئے گی بلکہ اس سے عوام کا معیارِ زندگی مزید بہتر ہو گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، حکومت پوری تندہی سے توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے برسرِ پیکار ہے اور انشااللہ 2017ء کے اختتام پرنیشنل گریڈ میں 10ہزار میگا واٹ بجلی شامل کر دی جائے گی جس سے بجلی کے بحران کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ عالمی برادری کے پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے دہشتگردی کی جنگ میں جو بیش بہا قربانیاں دی ہیں وہ صرف پاکستان کے لیے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے تمام ممالک بالخصوص افغانستان کو بھی ترقی یافتہ خوشحال اور مستحکم ملک دیکھنے کا خواہشمند ہے۔

اس موقع پر ایرانی سفیر مسٹر ہوناردوست نے کہا کہ پاکستان ایران کا قابلِ اعتماد دوست ہے اور وہ پاک ایران باہمی تعلقات میں مزید وسعت اور مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں جو دونوں ممالک کے عوام کو ذہنی ہم آہنگی اور قلبی محبت سے سرشار رکھے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک میں تعلقات کو مضبوط سے مضبوط تر کرنا میرا مشن ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان کی قربانیاں اوراس کا دلیرانہ کردار قابلِ ستائش ہے اسلامی جمہوریہ ایران اس ضمن میں پاکستان کی بھرپور تائید کرتا ہے۔