کرپشن کے خاتمے سے متعلق آرمی چیف کا بیان خوش آئند ہے،چیئرمین لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن

جمعرات 21 اپریل 2016 16:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 اپریل۔2016ء) امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان اور چےئرمین لاثانی ویلفےئرفاؤنڈیشن انٹرنیشنل صوفی مسعوداحمدصدیقی نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے کرپشن کے خاتمے اور سب کے احتساب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ آرمی چیف کا یہ بیان پاکستانی عوام کی حقیقی ترجمانی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ پر تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہاکہ کرپشن کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے ، انتہا پسندی و دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی خزانے کو لوٹنے والوں کا بلاتفریق احتساب جیسے دیگر محب وطن اقدامات ہی مستحکم و روشن پاکستان کی ضمانت ہیں جس کیلئے پوری قوم چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے امیرتنظیم کا کہنا تھاکہ عوامی حلقوں میں آرمی چیف کے اس بیان کو بہت مثبت انداز سے سراہا جارہاہے اور یہی ملک و قوم کی عملی خدمت ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی ، پیر رفاقت علی نقشبندی ، پیر محمد رمضان صدیقی ،پیر حسنین حالی، پیر الطاف حسین نقشبندی ، پیر سید احمد ندیم شاہ ، پیر سید عدنان اکرم سمیت دیگر علماء و مشائخ نے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کے بیان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ، اختتام پر امیر تنظیم صوفی مسعوداحمد صدیقی نے انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے درجات کی بلندی اور ملکی استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کی ۔

متعلقہ عنوان :