الیکشن کمیشن نے مارچ 2016 تک کے رجسٹرڈووٹرز کی تفصیلات جاری کر دیں

جمعرات 21 اپریل 2016 14:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) الیکشن کمیشن نے مارچ 2016 تک کے رجسٹرڈووٹرز کی تفصیلات جاری کر دیں جس کے مطابق ملک بھر میں اس وقت رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 9 کروڑ 30 لاکھ 72 ہزار 617 ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا کہ اس وقت ملک بھر میں 56.26 فیصد مرد اور43.74 فیصد خواتین ووٹرزہیں، مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 23 لاکھ 63 ہزار 948 ‘ خواتین رجسٹرڈ ووٹرز 4 کروڑ 7 لاکھ 8 ہزار 679 ہے ۔

تفصیلات میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 3 سال میں 45 لاکھ 65 ہزار 286 نئے ووٹ رجسٹر ہوئے جس کے بعد رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 38 لاکھ 24 ہزار 620 تک جا پہنچی تاہم پنجاب میں 2013 کے انتخابات میں رجسٹرڈ ووٹرز 4 کروڑ 92 لاکھ 59 ہزار 334 تھے ‘ اس کے علاوہ سندھ میں 11 لاکھ 67 ہزار 522 ووٹرز کا اضافہ ہواجہاں اس وقت رجسٹرڈ ووٹرز 2 کروڑ 1 لاکھ 30 ہزار 897 ہیں ‘ سال 2013 میں سندھ میں کل رجسٹرڈ ووٹرز 1 کروڑ 89 لاکھ 63 ہزار 375 تھے۔

(جاری ہے)

اسی طرح خیبر پختونخوا کے ووٹر ز کے بارے میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں2013 کے اختتام تک رجسٹرڈ ووٹرز 1 کروڑ 22 لاکھ 66 ہزار 157 تھے جس میں تین سال کے دوران 11 لاکھ 10 ہزار 497 ووٹرز کا اضافہ ہواجس کے بعدرجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 33 لاکھ 74 ہزار 664 ہو گئی ‘ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3 سال میں 58ہزار 860 ووٹرز کا اضافہ ہوااور اب اسلام آباد میں کل رجسٹر ووٹرز 6 لاکھ 84 ہزار 824 ہیں ‘ گزشتہ عام انتخابات میں کل رجسٹر ووٹرز 6 لاکھ 25 ہزار 964 تھے۔

الیکشن کمیشن کے اعدادوشمار کے مطابق بلوچستان اور فاٹا میں رجسٹرڈ ووٹر ز کی تعداد بڑھنے کی بجائے کم ہو گئی اوربلوچستان میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 33 لاکھ 33ہزار 318 ہے،فاٹا میں 2013 کی نسبت2016 میں 16 ہزار 9 ووٹرز کم ہوئے ،فاٹا میں اس وقت کل رجسٹرڈ ووٹرز 17 لاکھ 22 ہزار 304 ہیں جبکہ 2013میں یہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد17 لاکھ 38 ہزار 313 تھی ۔

متعلقہ عنوان :