کچھ سیاسی عناصر پاناما لیکس کی آڑ میں پروپیگنڈا کر رہے ہیں ‘ کمیشن اپوزیشن سے اتفاق رائے سے بنے گا ‘ و زیر داخلہ

جمعرات 21 اپریل 2016 14:44

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ کچھ سیاسی عناصر پاناما لیکس کی آڑ میں پروپیگنڈا کر رہے ہیں ‘ کرپشن اوراحتساب سمیت مشترکہ معاملات پر حکومت اور فوج میں مکمل اتفاق رائے موجود ہے ‘ پاناما لیکس کے حوالے سے جو بھی کمیٹی یا کمیشن بنے گا وہ اپوزیشن کے ساتھ اتفاق رائے سے بنے گا ‘ کراچی میں فوج نہیں پولیس اور رینجرز کارروائیاں کر رہی ہیں ‘ ڈاکووٴں کے خلاف فوج سے مدد لینے میں کوئی بری بات نہیں ‘ ایم کیو ایم واضح کرے اس کے اراکین پرکون دباوٴ ڈال رہا ہے ۔

نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے کہاکہ آئین میں فوج کا کام صرف سرحدوں کی حفاظت کرنا نہیں بلکہ اندرونی معاملات میں مددفراہم کرنا بھی فوج کا کام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت کی ساری توجہ ملک میں سیکیورٹی کی صورت حال پر ہے ‘ کرپشن اوراحتساب سمیت مشترکہ معاملات پر حکومت اور فوج میں مکمل اتفاق رائے موجود ہے، کراچی میں فوج نہیں پولیس اور رینجرز کارروائیاں کر رہی ہیں تاہم ڈاکووٴں کے خلاف فوج سے مدد لینے میں کوئی بری بات نہیں ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جون 2013 میں روزانہ کی بنیاد پر 2 سے 3 دھماکے ہوتے تھے تاہم آج ماضی کے مقابلے دہشت گردی کے واقعات میں واضح کمی آ چکی ہے ‘ پہلے دھماکوں پرحکومتوں کی جانب سے ردعمل نہیں آتا تھا تاہم اب ایک دھماکے پر پوری قوم آوازاٹھاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں کئی اہم دفاتراور مقامات ہیں، اسلام آباد میں جلسہ کرنے سے کوئی نہیں روکے گا، ایف نائن پارک میں تحریک انصاف کا جلسہ ہو گا دھرنا نہیں، مسئلہ اس وقت ہوتا ہے جب جلسے کو دھرنے میں تبدیل کر دیا جاتا ہے۔

پاناما لیکس کے حوالے سے چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ پورا ملک چاہتا ہے پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات ہو تاہم وزیراعظم کے بچوں پرجو الزامات ہیں ان کا جواب وہ ہی دے سکتے ہیں ‘ پاناما پیپرز سے متعلق سب سے پہلے پاکستان میں ردعمل سامنے آیا اور کمیشن بنانے کا اعلان کیا گیا، کئی سینرججوں نے پاناما پیپرز پر کمیشن کی سربراہی سے انکار کر دیا۔

پاناما لیکس کے حوالے سے جو بھی کمیٹی یا کمیشن بنیگا وہ اپوزیشن کے ساتھ اتفاق رائے سے بنے گا اور اس حوالے سے آئندہ ایک 2 روز میں تحقیقات پر واضح پیش رفت ہو گی تاہم کچھ سیاسی عناصر پاناما لیکس کے معاملے پر پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ایجنسیوں کے اہلکاروں کی جانب پر دباوٴ ڈال کر وفاداریاں تبدیل کرانے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ ایم کیو ایم واضح کرے کہ اس کے اراکین پرکون دباوٴ ڈال رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ پاناما لیکس کے حوالے سے جو بھی کمیٹی یا کمیشن بنے گا وہ اپوزیشن کے ساتھ اتفاق رائے سے بنے گا اس حوالے سے آئندہ چند دن میں واضح پیش رفت ہوگی۔ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بچوں پرجو الزامات ہیں ان کا جواب وہی دے سکتے ہیں۔