کوہاٹ پولیس کی کاروائی ‘مسافر بس سے بڑی مقدار میں غیرملکی اشیاء برآمد‘ملزم گرفتار

بھارتی برانڈ کا گٹکا اور کسٹم چور سامان پشاور سے کوہاٹ انڈس ہائی وے کے راستے خیر پور جانے والی مسافر بس کے ذریعے سمگل کیا جا رہا تھا

جمعرات 21 اپریل 2016 12:35

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) کوہاٹ پولیس نے مسافر بس سے بڑی مقدار میں غیر ملکی گٹکا اور نان کسٹم پیڈ اشیاء برآمدکرکے ملزم کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا ہے۔بھارتی برانڈ کا گٹکا اور کسٹم چور سامان پشاور سے کوہاٹ انڈس ہائی وے کے راستے خیر پور جانے والی مسافر بس کے ذریعے سمگل کیا جا رہا تھا ۔گرفتار ملزم کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت بھی قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید سب انسپکٹر اسلام الدین نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر این ایچ اے کے قریب گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے ناکہ بندی کررکھی تھی کہ اس دوران پشاور سے سندھ کے شہر خیر پور جانے والی ایک مسافر بس نمبر پشاور P.1385کوتلاشی کی غرض سے روک لیا گیا ۔

(جاری ہے)

پولیس نے تلاشی کے دوران بس کے سیٹوں کے نیچے چھپایا گیا 320کلو گرام بھارتی برانڈ جے ایم کا تیار کردہ گٹکا، غیر ملکی کپڑا،ٹائرزاور دیگر نان کسٹم پیڈ اشیاء برآمد کرکے ملزم بس ڈرائیور دوست محمد ولد عطا محمد سکنہ تجوڑی لکی مروت کو گرفتار کرکے تھانہ محمد ریاض شہید میں غیر ملکی نشہ آور اشیاء رکھنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا جبکہ گرفتار ملزم کو بعد ازاں کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا جسکے خلاف نان کسٹم پیڈ سامان سمگل کرنے کے الزام میں کسٹم ایکٹ کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ۔

متعلقہ عنوان :