پیپلز پارٹی احتساب کے حق اور بدعنوانی کیخلاف ہے،یوسف رضا گیلانی

جمعرات 21 اپریل 2016 12:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 اپریل۔2016ء) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کرپشن کے حوالے سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بیان کے حق میں ہوں،پیپلز پارٹی احتساب کے حق اوربد عنوانی کے خلاف ہے،راجن پورکے کچے کے علاقے میں فوج بلانے کامطلب پولیس ناکام ہوگئی،چھوٹوگینگ کے خلاف آپریشن نے ثابت کر دیا ہے کہ پنجاب میں نوگوایریا موجودہیں،پنجابی طالبان ملک کوعدم استحکام سے دوچارکررہے ہیں،پنجاب سے چھوٹوگینگ سمیت تمام جرائم پیشہ عناصرکاخاتمہ ضروری ہے،پانامالیکس کے معاملے پر پارٹی قیادت فیصلہ کرے گی،میمو گیٹ معاملے پر ہم پر کوئی دباوٴ نہیں تھا،ٹڈاپ کیس میں 19مئی کوفردجرم کے لیے عدالت نے بلایاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم اور رہنما پیپلز پارٹی یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں کہیں بھی نو گو ایریا نہیں ہو نا چاہیے،پنجاب میں چھوٹوگینگ کے معاملے پرکئی رازافشاں ہو نے کے ساتھ ہمارے موقف کی تائید بھی ہو گئی ہے،ہمارا موقف تھا پنجابی طالبان ملک کوعدم استحکام سے دوچارکررہے ہیں،پنجاب سے چھوٹوگینگ سمیت تمام جرائم پیشہ عناصرکاخاتمہ ضروری ہے،چھوٹو کی معلومات پرآگے کی حکمت عملی متعین ہونی چاہیے۔

کرپشن کے حوالے سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بیان سے متعلق انکا کہنا تھا کہ کرپشن کے حوالے سے آرمی چیف کے بیان کے حق میں ہوں سب کا احتساب ہونا چاہیے،پیپلز پارٹی احتساب کے حق اور بدعنوانی کے خلاف ہے۔پاناما لیکس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پارٹی کوپاناما لیکس کے حوالے سے موقف دیدیاہے جس سے متعلق فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔