پاکستان سپر لیگ میں چھٹی ٹیم کے اضافے پر غور جاری، نجم سیٹھی

جمعرات 21 اپریل 2016 11:50

پاکستان سپر لیگ میں چھٹی ٹیم کے اضافے پر غور جاری، نجم سیٹھی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ لیگ میں چھٹی ٹیم کے اضافے کیلئے غور کیا جا رہا ہے ‘ لیگ کے دوسرے سیزن کا انعقاد فروری 2017 میں دبئی اور شارجہ میں ہی ہوگا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام اور خود انھوں نے دبئی اور شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کی انتظامیہ سے ملاقات میں معاملات کو حتمی شکل دی ہے۔

پی سی بی اگیزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ اور لیگ کے چیئرمین نے کہاکہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم کی شمولیت پر بھی غور کیا جارہا ہے تاہم اس کا انحصار موجودہ پانچ فرنچائزوں کی رائے پر ہوگا۔پی ایس ایل کے پہلے سیزن میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد پر مشتمل پانچ ٹیمیں شامل تھیں جہاں کھلاڈیوں کا انتخاب برابری کی بنیاد پر ڈرافٹنگ کے ذریعے کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل کے پہلے کامیاب ایڈیشن کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کیلئے ویزا ہوگی اور ،مستقبل میں ٹیموں کے اضافے پر غور کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ وہ اپنے بیان کے مطابق کوشش کررہے ہیں کہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے ایک یا دو میچوں کا انعقاد پاکستان میں ممکن ہوسکے۔لیگ میں بھارت کے علاوہ دنیائے کرکٹ کی صفِ اول ٹیموں کے نامور کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا اور کرس گیل سمیت کئی کھلاڑیوں نے پی ایس ایل کو پاکستان کے بجائے متحدہ عرب امارات میں منعقد کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ پی سی بی گورننگ بورڈ کے آئندہ اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کی مکمل مالی تفصیلات فراہم کردی جائے گی جس میں پہلے ایڈیشن کے اچھے منافع کا مکمل تفصیلات ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :