آئی سی سی نے ہانک کانگ کے آل راوٴنڈر عرفان احمد پر اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر ڈھائی سال کی پابندی لگا دی

جمعرات 21 اپریل 2016 11:50

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) آئی سی سی نے پاکستانی نژاد ہانک کانگ کے آل راوٴنڈر عرفان احمد پر اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر ڈھائی سال کی پابندی لگادی ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی نژاد ہانک کانگ کے کھلاڑی عرفان احمد کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر ڈھائی سال کی پابندی عائد کردی ہے جس کا اطلاق 4 نومبر 2015 سے 4 مئی 2018 تک ہوگا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پابندی اس لئے لگائی گئی کیونکہ عرفان احمد ایسے افراد کے بارے میں مکمل معلومات دینے ناکام رہے جنہوں نے ان سے جنوری 2012 سے لے کر جنوری 2014 کے درمیان تک کرکٹ میں کرپشن کیلئے انہیں دعوت دی یا ان تک رسائی حاصل کی۔آئی سی سی کی جانب سے عرفان احمد پر کسی بھی قسم کی کرپشن میں شامل ہونے کا کوئی الزام عائد نہیں کیا جبکہ عرفان احمد فیصلہ تسلیم کرتے ہوئے سزا کے خلاف اپیل کے حق سے دستبردار بھی ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے عرفان احمد کو نومبر 2015 میں اس وقت معطل کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا جب کرکٹ کی کرپشن میں شامل ایک مشتبہ شخص نے عرفان احمد تک رسائی کی تھی۔واضح رہے کہ عرفان احمد کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع بہاولپور سے ہے ‘ انہوں نے 2008 میں ہانک کانگ کی جانب سے پہلا میچ کھیلا جس کے بعد سے اب تک 6ایک روزہ میچوں سمیت 8 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :