اسحاق ڈار نے وزیراعظم نوازشریف کو پاناما لیکس کی تحقیقات سے متعلق سیاسی جماعتوں سے رابطوں کی رپورٹ پیش کردی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 21 اپریل 2016 08:17

اسحاق ڈار نے وزیراعظم نوازشریف کو پاناما لیکس کی تحقیقات سے متعلق سیاسی ..

اسلام آباد(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21اپریل۔2016ء) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات میں پاناما لیکس کی تحقیقات سے متعلق سیاسی جماعتوں سے رابطوں کی رپورٹ پیش کی ۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن کے تحفظات ہر ممکن حد تک دور کئے جائیں۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاناما لیکس اور کمیشن کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سیاسی جماعتوں سے رابطوں سے متعلق رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر خزانہ نے وزیر اعظم نواز شریف کو ریٹائرڈ ججوں سے رابطوں اور سیاسی جماعتوں سے مشاورت سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے اسحاق ڈار کو ہدایت کی کہ سیاسی جماعتوں سے رابطے جلد مکمل کئے جائیں اور اپوزیشن کے تحفظات ہر ممکن حد تک دور کئے جائیں۔ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم کو بتایا کہ آزادانہ کمیشن کے قیام پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔