پاکستانی نوجوان باصلاحیت اور تخلیقی ذہن کے مالک ہیں جاپانی جامعات کے دروازے پاکستانی نوجوانوں کے لئے کھلے ہیں، جاپانی سفارتکار

بدھ 20 اپریل 2016 22:18

پاکستانی نوجوان باصلاحیت اور تخلیقی ذہن کے مالک ہیں جاپانی جامعات ..

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء)جاپانی سفارتکار متسوکائی توسا نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان باصلاحیت اور تخلیقی ذہن کے مالک ہیں جاپانی جامعات کے دروازے پاکستانی نوجوانوں کے لئے کھلے ہیں، جاپان میں 2 لاکھ غیرملکی طالبعلموں میں بدقسمتی سے پاکستانی نوجوانوں کی تعداد بہت کم ہے، پاکستانی نوجوانوں کوجاپانی اسکالرشپس کی آفرز سے فائدہ اٹھانا چاہئیے۔

وہ جامعہ سندھ میں ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے، ’’جاپان میں تعلیم‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد جاپانی المنائی ایسوسی ایشن ’’ماپ‘‘ کے سندھ چیپٹرکی طرف سے کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

کراچی میں جاپانی قونصل خانے کے اطلاعات و ثقافتی مرکز کے ڈائریکٹر متسوکائی توسا نے کہا کہ جاپانی حکومت اور جامعات ہر سال فراخدلی سے اسکالر شپس آفر کرتی رہتی ہیں پاکستانی نوجوان جیسا کہ اپنی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے اپنے آپ کو جاپان میں منوا چکے ہیں اس لیے ان کو ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئیے، جامعہ سندھ کے نیچرل سائنسز فیکلٹی کے ڈین پروفیسر عبدالرسول عباسی نے جاپانی سفارتکار اور حکومت کی طرف سے پاکستانی نوجوانوں کی تعلیم و تربیت میں دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ ادا کیا، سیمینار میں جاپانی المنائی ایسوسی ایشن ’’ماپ‘‘ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر وزیر علی بلوچ، سیکریٹری ڈاکٹر خان محمد بروہی اور پروفیسر ڈاکر انیلا ناز سومرو نے بھی خطاب کیا اور شرکاء کو ان کے جاپانی جامعات میں گزارے ہوئے وقت اور تجربات میں شریک کیا اور ان کو اسکالر شپ حاصل کرنے کے لیے آگے بڑھنے کا مشورہ دیا، سیمینار میں جامعہ کے اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور جاپانی اسکالر شپس کے بارے میں معلومات حاصل کی۔