اورنگی ٹاؤن واقعہ: سیکیورٹی اداروں کا جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ کرنے کا فیصلہ

بدھ 20 اپریل 2016 22:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) اورنگی ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں پر حملے کی تحقیقات کے لیے سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کے ایک کلو میٹر میں جیو فینسنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلی سندھ نے ہنگامی اجلاس میں ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور شہید اہلکاروں کے لواحقین کے لیے معاوضہ اور نوکریوں کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اورنگی ٹاؤن نمبر 15 میں انسداد پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے باوجود دہشت گردی کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوع کے ایک کلو میٹر میں جیو فینسنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کے لیے چار الگ الگ ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔ادھر وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کیا۔

وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر اور کراچی پولیس چیف مشتاق مہر سمیت دیگر اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں ملزمان کی گرفتاری سمیت اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلی سندھ نے شہید اہلکاروں کے لواحقین کے لیے دو دو نوکریوں، بیس بیس لاکھ روپے اور ریٹائرمنٹ کی عمر تک تنخواہ جاری رکھنے کے فیصلوں کی منظوری دی۔

متعلقہ عنوان :