Live Updates

کرپشن کو جڑ سے ختم کرنا پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہے،پرویز خٹک

بدھ 20 اپریل 2016 21:54

پشاوراُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ءوزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کرپشن کے خلاف آرمی چیف کے بیان کو معنی خیز اور ناقابل تردید قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ کرپشن کو جڑ سے ختم کرنا پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اس کے سہولت کاروں کے خلاف کاروائی نا گزیر ہے۔وہ بدرشی نوشہرہ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک ابرار خان کی رہائش گاہ پر ورکرز کنونشن سے خطاب اور بعدازاں حاجی تسلیم خان کی وفات پر مشیت الرحمن کے ساتھ اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔

کنونشن سے ضلعی ناظم لیاقت خان خٹک، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، حاجی محمد ریاض ایڈوکیٹ، ایم پی اے خلیق الرحمن ، ایم پی اے ادریس خٹک ،ناظم ملک ابرار خان نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحصیل ناظمین، رضا اللہ خان ، مرتضی الرحمن، صادق خٹک، نائب ناظمین زرعالم خان، ساجد خان لالا اور حمیداللہ خٹک کے علاوہ ضلعی کونسلران زاہدحیات، ذوالفقار خٹک، حسین احمدخٹک سمیت بڑی تعداد میں ناظمین اور کونسلر اور تحریک انصاف کے کارکن موجود تھے۔

اس موقع پر مردان واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے، دہشت گرد کہیں نہ کہیں سے داخل ہوکر نہتے اور بے گناہ عوام پر حملہ کردیتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مردان خود کش دھماکے کی مکمل تحقیقات شروع ہوگئی ہیں۔ بہت جلد تمام حقائق عوام کے سامنے لائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ضرب عضب کی بدولت کافی حد تک امن قائم ہو چکا ہے اور حالات میں بہتری آئی ہے تاہم جب تک افغانستان میں امن قائم نہیں ہوتا اس کے اثرات پاکستان پرپڑتے رہیں گے۔

ہمیں اللہ تعالی سے امید ہے کے اس ملک میں امن آئے گا۔ پرویزخٹک نے کہا کہ اپریشن ضرب عضب کے اثرات کافی اچھے مرتب ہورہے ہیں دہشت گردی کے خلاف ہمارے ملک کے تمام ادارے اچھا کام کررہے ہیں جن میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتری آئے گی۔بلوچستان میں پکڑے جانے والے راء کے ایجنٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کو چاہے کہ اس معاملے کو ہر فورم پر اٹھائے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارے ملک کا یہ کیسا وزیراعظم اورکیسے سیاستدان ہیں جو ملک کا سرمایا باہر لے گئے ہیں اور کہتے ہیں ہم ملک کو ترقی دے رہے ہیں ،وزیر اعظم نواز شریف واضح کریں کہ یہ پیسے کہاں سے کب اور کیسے آئے ہیں انہوں نے مزید کہاکہ پانامہ لیکس کے حوالے سے کمیشن بنانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی اگر وزیر اعظم خود بتادیں اور اپنے ثبوت قوم کے سامنے رکھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دو تین پلاٹوں کی بات نہیں بلکہ اربوں کھربوں کی بات ہے جن کا ان کوحساب دینا ہوگا۔ پرویز خان خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف کے بیس سال پورے ہونے پرچوبیس اپریل کو ایک بڑا جلسہ ہوگا پی ٹی ائی کے کارکنوں میں وہی جوش و جذبہ ہے جو2013 کے عام انتخابات کے وقت تھا جس کوہم چوبیس اپریل کو ثابت کریں گے کہ پوری قوم عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جلسے میں پاناما لیکس کے بارے میں بھی آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے انھوں نے کہا کہ ہمیں ملکر کرپشن کے خلاف جہاد کرنا ہوگا۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اپنے منشور پر عمل پیرا ہے۔ اور تحریک انصاف کے منشور میں کرپشن کمیشن کاخاتمہ اولین ترجیح ہے۔ جب تک ملک سے کرپشن ختم نہیں ہوسکتا ہمارا ملک اور صوبہ خیبرپختونخوا ترقی نہیں کرسکتا۔

پرویز خٹک نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت تبدیلی کے نعرے پر آئی ہے اور عوام سے کیاگیا تبدیلی کا وعدہ ہرممکن پورا کرکے ہی دم لے گے عوام نے تبدیلی کے ثمرات محسوس کرلئے ہیں 24اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی جلسہ عام میں خیبرپختونخوا سے ہزاروں کارکن شرکت کریں گے اور نوشہرہ سے ایک بہت بڑا جلوس بھی اسلام آباد کے جلسے میں بھرپور شرکت کرے گا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات