شمالی وزیر ستان متاثرین کی باعزت واپسی میں تیزی لانے بحالی کے عمل کوجلد مکمل کیا جائے،آل پارٹیز سیاسی اتحاد

بدھ 20 اپریل 2016 21:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخاُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء)آل پارٹیزسیاسی اتحاد و سیاسی یوتھ شمالی وزیرستان نے صوبائی حکومت اور گورنرخیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ شمالی وزیر ستان متاثرین کی باعزت واپسی میں تیزی لانے سمیت میر علی‘میرانشاہ ‘پتسی اڈہ‘عیدک اور دیگان کے بازاروں کو بحال کیاجائے۔گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں سیاسی اتحاد کے چیئرمین ملک اکبر‘وائس چیئرمین نثار علی خان‘پریس سیکرٹری شمس الرحمن اورفنانس سیکرٹری زاہدین نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیرستان بشمول شاوال کا علاقہ صاف ہوچکا تاہم شمالی وزیرستان کے عمائدین مطمئن نہیں ہیں،متاثرین کی واپسی میں تیزی لانے سمیت ماہ رمضان سے پہلے آئی ڈی پیز کو واپس کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیرستان میں موجود مختلف اقوام سے تعلق رکھنے والے لوگ مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں،جنگی بنیادوں پر وزیر ستان میں محصور قبائل کی ضروریات کو حل کیا جائے، وہاں موجود سکول‘کالجز ‘ہسپتال‘پانی اور دیگر ضروریات زندگی کا سامان مہیا کرنے سمیت وزیرستان سے باہر جانے پر انٹری کا طریقہ کار کو ختم کیا جائے اور وزیرستان میں داخلے کیلئے وطن کارڈ کو بنیاد بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کو چاہئے کہ کو وہ ایف ایم ڈی اے کے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کرکے آئی ڈی پیز کی رقم پر سود اور کاروبار کو بند کیا جائے،متاثرین کے بقایا 4 قسطوں کو یکمشت رقم ادا کی جائے جو فی خاندان کے حساب سے 48 ہزار روپے بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اور تمام مسمار شدہ مکانات کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مکمل معاوضہ ادا کیا جائے،گورنر خیبر پختونخوا اپریشن ضرب عضب کے نقصانات کی ادائیگی اور فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے آزاد کمیشن تشکیل دیا جائے جس میں سیاسی نمائندے ‘قوم کے منتخب نمائندے ‘وکلا اور تاجر برادی کے منتخب نمائندے شامل ہوں۔

انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت کے ذمہ آئی ڈی پیز کے واجب الادا قرضہ 2 ارب روپے جاری کریں۔