Live Updates

گندم خریداری مہم کے دوران کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں پہنچا کر ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا ‘بلال یاسین

محکمہ فوڈ کا کوئی بھی اہلکار کسانوں کی حق تلفی میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ‘صوبائی وزیر خوراک

بدھ 20 اپریل 2016 21:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخاُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء ) صوبائی وزیر خوراک میاں بلال یٰسین نے کہا ہے کہ گندم خریداری مہم کے دوران کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں بہم پہنچا کر ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور اگر محکمہ فوڈ کا کوئی بھی اہلکار کسانوں کی حق تلفی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی قسم کا کوئی دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس میں ہونیوالے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں گندم خریداری مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔اجلاس میں سیکرٹری فوڈ پنجاب ڈاکٹر پرویز احمد خان ،ڈائریکٹر فوڈ آصف بلال لودھی ،کمشنر ساہیوال ڈویژن آصف اقبال چوہدری اورڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شیخ عبدالرؤف کے علاوہ ڈویژن بھر کے متعلقہ افسران اورکسان تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو آڑھتیوں کے استحصال سے بچایا جائے اور خریداری مراکز پر آنیوالے کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کی جائیں تا کہ انہیں ان کی محنت کا بھر پور معاوضہ مل سکے ۔ڈائریکٹر فوڈ آصف بلال لودھی نے اجلاس کو بتایا کہ صوبہ بھر میں گندم کی خرید کیلئے 40 لاکھ میٹرک ٹن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے 376 خریداری مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں کسانوں کی ضروریات کا مکمل خیال رکھا جائے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام خریداری مراکز پر کسانوں کیلئے بیٹھنے کیلئے سایہ دار جگہ اور پینے کے ٹھنڈے پانی کی فراہمی کا معقول بندوبست کیا جائے گا تا کہ خریداری مراکز پر آنیوالوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات پر خریداری مراکز پر خریداری مہم کے پہلے دس دن کے اندر 50 فیصد باردانے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ اگلے دس دن میں 30 فیصد اور مہینے کے آخری دس دنوں میں بقیہ 20 فیصد باردانہ تقسیم کیا جائے گا جس کی شفافیت قائم رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا لیے گئے ہیں جبکہ صوبے بھر میں گندم کی خرید اوپن رکھی گئی ہے اور کسی بیوپاری وغیرہ کے گندم خرید نے پر کوئی پابندی نہیں۔

انہوں نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ خادم اعلیٰ میاں شہباز شریف اس مہم کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں لہٰذا تما م افسران اور عملہ نیک نیتی سے اپنا کام انجام دے تا کہ کسانوں کو ان کی محنت کا پورا پورا معاوضہ دیا جا سکے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات