پرسٹن یونیورسٹی میں سپرنگ سپلیش 2016ء کے سلسلے میں انٹر یونیورسٹی غیر نصابی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا

تقریبات اور بین الجامعاتی مقابلوں کا یہ سلسلہ رواں ہفتے جاری رہے گا راولپنڈی، اسلام آباد، کوہاٹ، پشاور، لاہور اور بعض دوسرے شہروں سے مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا

بدھ 20 اپریل 2016 19:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخاُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) پرسٹن یونیورسٹی میں سپرنگ سپلیش 2016ء کے سلسلے میں انٹر یونیورسٹی غیر نصابی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا۔ تقریبات اور بین الجامعاتی مقابلوں کا یہ سلسلہ رواں ہفتے جاری رہے گا۔ سپرنگ سپلیش کی تقریبات میں راولپنڈی، اسلام آباد، کوہاٹ، پشاور، لاہور اور بعض دوسرے شہروں سے مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔

اسلام آباد کے ڈپٹی میئر سید ذیشان علی نقوی تقریب میں مہمان خصوصی تھے جبکہ دوسرے ڈپٹی میئر چوہدری رفعت جاوید گیسٹ آف آنر تھے۔ حسن قرات کے مقابلے میں طلباء و طالبات نے قرآن پاک کو خوش الحانی سے پڑھ کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ منصفین کے فیصلے کے مطابق کینیئرڈ کالج لاہور کی حافظہ ردا فاروق نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ قائداعظم یونیورسٹی کی طالبہ سارہ سلطان بٹ نے دوسری اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ نمرہ سلطانہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

طلباء کے درمیان حسن قرات کے مقابلے میں پرسٹن انسٹیٹیوٹ کے حافظ عبید الرحمان نے پہلی، پرسٹن یونیورسٹی کے قاری عبدالباسط نے دوسری جبکہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے طالب علم قاری محمد مدثر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمان خصوصی ڈپٹی میئر سید ذیشان علی نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کا سننا اور پڑھنا سعادت کی بات ہے۔ انہوں نے حسن قرات کے مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ پرسٹن یونیورسٹی نے انٹر یونیورسٹی مقابلوں کا اہتمام کر کے قومی خدمت انجام دی ہے جس سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل رہا ہے۔ بعد ازاں انگریزی مباحثے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں میزبان پرسٹن یونیورسٹی کے طالب علم طلحہ رشید نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ مریم خان نے دوسری اور انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کے طالب علم ایم عمیس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اردو مباحثے کے بین الجامعاتی مقابلے میں پرسٹن یونیورسٹی کے تقی جواد نے پہلی پوزیشن جبکہ قائداعظم یونیورسٹی کے طالب علم علی گوندل نے دوسری اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ عدیلہ بتول نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ قومی اسمبلی کے رکن میجر (ر) طاہر اقبال مباحثوں کی اس تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ اردو اور انگریزی مباحثوں میں حصہ لینے والے تمام طلباء و طالبات مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری باصلاحیت نوجوان نسل ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ قبل ازیں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے پرسٹن یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عبدالباسط نے مہمان خصوصی میجر طاہر اقبال کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرسٹن یونیورسٹی ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع بھی فراہم کرتی ہے۔ مہمان خصوصی نے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :