چھوٹو گینگ کے لیڈر سمیت 13 ڈاکوؤں نے غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈال دیئے ، جنرل عاصم سلیم باجوہ

یرغمال بنائے گئے 24 پولیس اہلکاروں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے ، گینگ کے تمام ڈاکوؤں کی گرفتاری یا موت تک گھیراؤ جاری رہے گا ، ملک میں کہیں بھی نو گو ایریا ہوا تو اسے ختم کرینگے ،آرمی چیف نے کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر

بدھ 20 اپریل 2016 19:38

چھوٹو گینگ کے لیڈر سمیت 13 ڈاکوؤں نے غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈال دیئے ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخاُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ چھوٹو گینگ کے لیڈر سمیت 13 ڈاکوؤں نے غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈال دیئے ہیں ، یرغمال بنائے گئے 24 پولیس اہلکاروں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے ، گینگ کے تمام ڈاکوؤں کی گرفتاری یا موت تک گھیراؤ جاری رہے گا ، ملک میں کہیں بھی نو گو ایریا ہوا تو اسے ختم کرینگے ۔

بدھ کو ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ آپریشن ضرب آہن بغیر کسی نقصان کے مکمل کر لیا گیا ہے اور چھوٹو سمیت 13 ڈاکوؤں نے غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈال لئے ہیں ۔ یرغمال بنائے گئے 24 پولیس اہلکاروں کو باحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے جبکہ چھوٹو گینگ کے ارکان کے اہلخانہ کو بھی جزیرے سے نکال لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جزیزیرے میں بڑے بڑے بنکرز بنے ہوئے تھے ہمیں واضح ہدایات تھیں کہ چھوٹو گینگ کے ساتھ عورتیں اور بچے بھی ہیں اس لئے ہم نے بغیر کسی نقصان کے آپریشن مکمل کیا ۔

بازیاب ہونیوالے پولیس اہلکار بھی ہمارے پاس ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹو گینگ کے اہلخانہ میں 24 خواتین 44 بچے اور 4 بزرگ شامل ہیں اور ان کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ زیر تحویل چھوٹو گینگ کے ارکان سے مکمل تفتیش کی جائیگی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ گینگ کے تمام ڈاکوؤں کی گرفتاری یا موت تک گھیراؤ جاری رہے گا یہ علاقہ نو گو ایریا بن چکا تھا چھوٹو گینگ کے تمام ٹھکانوں کو مکمل صاف کریں گے اور ملک میں کہیں بھی نو گو ایریا ہوا تو اسے ختم کرینگے ۔ انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف نے کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی ہے ۔