وزیر اعلی شہباز شریف سے برطانیہ کے محکمہ پبلک ہیلتھ کے سی ای اوڈاکٹرڈنکین سلبی کی قیادت میں وفد کی ملاقات

برطانیہ کے محکمہ پبلک ہیلتھ اور پنجاب حکومت کے مابین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی تنظیم نو اور اصلاحات کیلئے تعاون پر اتفاق پنجاب حکومت کے ساتھ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں بہتری لانے کے لئے ہر ممکن معاونت کریں گے‘ڈاکٹرڈنکین سلبی

بدھ 20 اپریل 2016 18:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے برطانیہ کے محکمہ پبلک ہیلتھ کے چیف ایگزیکٹو آفیسرڈاکٹرڈنکین سلبی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں عوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی خصوصاً انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی تنظیم نواور اصلاحات پر تبادلہ خیال ہوا۔برطانیہ کے محکمہ پبلک ہیلتھ نے پنجاب کے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی تنظیم نو اور اصلاحات کیلئے پنجاب حکومت سے تعاون پر اتفاق کیا۔

وزیر اعلی نے برطانوی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔

(جاری ہے)

وبائی امراض کی روک تھام اور تدارک کیلئے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے - انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے اوراس ادارے کی تنظیم نو اوراس میں اصلاحات کے حوالے سے برطانیہ کے محکمہ پبلک ہیلتھ کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے-انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے شعبہ صحت کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا ہے اور عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی مفت فراہمی پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ لاہور میں ماڈل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور اسی طرح انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کو بھی ماڈل ادارہ بنانا چاہتے ہیں -انہوں نے کہا کہ ادارہ کی استعداد کار میں اضافے کے لئے برطانوی تعاون سے اسے جدید خطوط پر چلانا ہے - چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ پبلک ہیلتھ برطانیہ ڈاکٹرڈنکین سلبی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں بہتری لانے کے لئے ہر ممکن معاونت کریں گے- برطانوی وفد کے اراکین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف شعبہ صحت میں بہتری لانے کے لئے ایک ویژن کے تحت کام کررہے ہیں -شہبازشریف کے ویژن کو سلیوٹ کرتے ہیں -ہمیں خوشی ہے کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف حقیقی معنوں میں عوام کو معیاری صحت عامہ کی سہولتوں کیلئے انتھک محنت کررہے ہیں -مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، سیکرٹری سپیشلائزہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔