وزارت داخلہ نے سپر ماڈل ایان علی کا نام دوبارہ ای سی ایل میں شامل کر دیا

نام ایف بی آر کی درخواست پر شامل کیا گیا،نئے فیصلے سے ایف آئی اے اور ایئرپورٹس حکام کو آگاہ کر دیا گیا،ذرائع

بدھ 20 اپریل 2016 18:00

وزارت داخلہ نے سپر ماڈل ایان علی کا نام دوبارہ ای سی ایل میں شامل کر ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 اپریل۔2016ء) وزارت داخلہ نے کرنسی سمگلنگ کیس کی ملزمہ سپرماڈل ایان علی کا نام چند گھنٹوں کے لئے ای سی ایل سے نکالنے کے بعدماڈل کو دوبارہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر لیا ہے ، ماڈل کا نام ایف بی آر کی درخواست پر دوبارہ ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے ، نئے فیصلے سے ایف آئی اے اور ائر پورٹس حکام کو آگا ہ کر دیا گیا ہے ،پہلے بھی ایف بی آر کی درخواست پر ہی ماڈل کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا، ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹری کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش کی تھی جس کے بعد ماڈل کا نام ای سی ایل سے خارج کرتے ہوئے اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیاتھا، چند گھنٹے گزرنے کے بعد ایف آبی آر نے سیکرٹری داخلہ کو ایک درخواست کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ کرنسی سمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی سے مزید تفتیش اور تعاون درکار ہے کیونکہ ملک میں کرنسی سمگلنگ کا ایک نیٹ ورک کام کر رہا ہے جس کے ذریعے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے لئے رقوم منتقل کی جاتی ہیں اس پورے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لئے ماڈل کو بیرون ملک جانے سے روکا جائے ، اگر ایان علی بیرون ملک چلی گئی تو واپس نہیں آئے گی ، ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی درخواست پر وزارت داخلہ نے ماڈل کا نام دوبارہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر لیا ہے ، اب ایان علی بیرون ملک نہیں جا سکے گی کیونکہ وزارت داخلہ نے نئے فیصلے سے ایف آئی اے اور تمام ائر پورٹس پر موجود امیگریشن حکام کو آگاہ کر دیا ہے ۔

(آچ)