انتہاپسندی ،دہشتگردی اور کرپشن کیخلاف 24اپریل سے ملک گیر مہم شروع کی جائے گی‘پاکستان علماء کونسل

بدھ 20 اپریل 2016 16:42

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء ) انتہاپسندی ،دہشتگردی اور کرپشن کیخلاف 24اپریل سے ملک گیر مہم شروع کی جائے گی،پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد ہے کسی ماں کا بیٹا دہشتگرد بنے نہ دہشتگردی کا نشانہ بنے،اسلام جہاد اور ناموس مصطفی پر جانیں فداء کرنے کا جذبہ رکھنے والوں کی رہنمائی کرنا بھی علماء کی ذمہ داری ہے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامعة الحسن لاہور میں علماء اور طلباء کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مولانا ایوب صفدر،مولانا عبد الحمید وٹو،مولانا محمد مشتا ق لاہوری،مولانا محمد امجد،مولانا اسید الرحمن،قاری عبد الحکیم اطہر،مولانا اسلم قادری، قاری زبیر زاہد،مولانا عبد القیوم ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ 80ء کی دہائی میں ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے روس کیخلاف جہاد کرنے والوں کو پاکستان کا دشمن بنانے والی قوتوں کوبے نقاب کرنا علماء اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔ نوجوانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ انتہاپسند اور دہشتگرد گروہوں کے نظریات سے دور رہیں ۔پاکستان کا قیام ظالموں کیخلاف مظلوموں کی جدوجہد اور معاشرے کے تمام طبقات کو حقوق دینے کیلئے تھا۔

مذہب کے نام پر انتہاپسندی ،دہشتگردی پھیلانے والوں اور کرپشن کرنے والوں کا احتساب بھی ہونا چاہئے۔آرمی چیف کا کرپشن کے خاتمے کیلئے فوج کی طرف سے مکمل تعاون کا اعلان حکومت ، پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کیلئے کرپشن کے خاتمے کیلئے سنہری موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر مسلموں کے ساتھ حسن سلوک کیلئے ہمیں اپنا کردار اداکرنا چاہئے۔

پاکستان کے قیام میں غیر مسلموں نے بھی اپنا کردار اداکیا ہے۔ کسی ایک فرد کے عمل پر تمام مذہب کے ماننے والوں کیخلاف نفرت پیدا کرنا اسلامی تعلیمات کیخلاف ہے۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانا ہے۔پاکستان علماء کونسل کرپشن کے خاتمے کیلئے حکومت کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحفظ حقوق نسواں بل پرپاکستان علماء کونسل نے جو موٴقف روز اول سے اپنا آج تمام جماعتیں وہی موٴقف اپنا رہی ہیں۔پاکستان علماء کونسل نے تحفظ حقوق نسواں بل پر اپنی سفارشات ایک ماہ قبل حکومت کے سپرد کردی تھیں۔پاکستان علماء کونسل پنجاب کے صدر حافظ محمد امجد نے کہا کہ انتہاپسندی ،دہشتگردی،فرقہ وارانہ تشدد اور کرپشن کیخلاف 24اپریل کو چکوال سے ملک گیر مہم کا آغاز کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :