حج کیلئے وزارت مذہبی امور کو ایک لاکھ پانچ ہزار درخواستیں موصول

بدھ 20 اپریل 2016 14:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) وزارت مذہبی امورنے کہا ہے کہ امسال حج کیلئے اب تک ایک لاکھ پانچ ہزار افراد کی درخواستیں بینکوں میں موصول ہو چکی ہیں ۔ سرکاری سکیم کے تحت 86 ہزار عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس سال حج کے لیے درخواستوں کی وصولی کا عمل اٹھارہ اپریل سے شروع ہوا اور دو روز میں ایک لاکھ پانچ ہزار سے زائد افراد کی درخواستیں مقرر بینکوں کی شاخوں میں جمع ہو چکی ہیں ۔

وزارت نے بتایا کہ درخواستیں وصول کرنے کا سلسلہ 26 اپریل تک جاری رہے گا اور قرعہ اندازی 29 اپریل کو ہو گی ۔ درخواست گذار اپنی درخواستیں وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر دیکھ سکتے ہیں ۔ درخواست گذار بنکوں سے کمپیوٹرائزڈ رسید لازمی وصول کریں کیونکہ رسید کے بغیر درخواست قرعہ اندازی میں شامل نہیں ہوگی ۔ ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق اس سال حج درخواستوں کی تعداد چار لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے ۔

متعلقہ عنوان :