پاک فوج کی وارننگ کے بعد چھوٹو گینگ نے ہتھیار ڈال دیئے ‘ مغوی اہلکاروں کو بھی چھوڑ دیا

کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ کے کارندوں کے علاوہ دیگر جرائم پیشہ افراد سمیت خواتین اور بچے بھی موجود تھے ‘ رپورٹ فورسز نے خواتین اور بچوں کو چھوڑ کر گینگ کے کارندوں کو حراست میں لے لیا ‘ تعداد 200ہے ‘ ذرائع

بدھ 20 اپریل 2016 14:14

راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) پاک فوج کی جانب سے ہتھیار پھینکنے کی وارننگ کے بعد چھوٹو گینگ نے ہتھیار ڈال کر خود کو فورسز کے حوالے کردیا ‘ مغوی اہلکاروں کو بھی رہا کردیا۔اطلاعات کے مطابق کچہ جمال کے علاقے میں کئی روز سے جاری آپریشن میں پاک فوج کی شمولیت کے بعد چھوٹو گینگ کے خلاف ایک روز قبل باقاعدہ آپریشن کا آغاز کیا گیا جس کے بعد پاک فوج کے جوانوں نے آگے کی جانب پیش قدمی کی، پاک فوج کی جانب سے چھوٹو گینگ کے کارندوں کو وارننگ جاری کی گئی جس میں وارننگ کے پمفلٹ علاقے میں پھینکے گئے تھے، وارننگ میں چھوٹو گینگ کو خبردار کیا گیا تھا کہ وہ شام سورج غروب ہونے سے پہلے ہتھیار پھینکے اور کشتی پر سفید جھنڈا لگا کر باہر آجائے، بصورت دیگر کسی بھی عسکری کارروائی کی ذمہ داری چھوٹو گینگ پر عائد ہوگی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے وارننگ کے بعد چھوٹو گینگ کے تمام کارندوں نے پاک فوج کے آگے ہتھیار ڈال دیئے ‘ یرغمال بنائے گئے 24 اہلکاروں کو بھی رہا کردیا۔ کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ کے کارندوں کے علاوہ دیگر جرائم پیشہ افراد سمیت خواتین اور بچے بھی موجود تھے جن کی تعداد تقریبا 200 کے قریب تھی، چھوٹو گینگ نے خواتین اور بچوں سمیت خود کو فورسز کے حوالے کیا تاہم فورسز نے خواتین اور بچوں کو چھوڑ کر گینگ کے کارندوں کو حراست میں لے لیا۔

متعلقہ عنوان :