اپوزیشن لیڈر کا اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ ‘ وفاقی وزیر کو اپوزیشن کے موقف سے آگاہ کر دیا

اپوزیشن چاہتی ہے حکومت عدالتی کمیشن کے قیام کیلئے چیف جسٹس کو خط لکھے ‘ سید خورشید شاہ

بدھ 20 اپریل 2016 14:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہاہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو اپوزیشن کے موقف سے آگاہ کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پانامالیکس پر تحقیقات کے معاملے پر مشاورت کیلئے خورشید شاہ اور اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس کے بعد قائد حزب اختلاف نے بتایا کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو پاناما لیکس پر تحقیقات کے لئے اپوزیشن کے موقف سے آگاہ کردیا اور انہیں کہا ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ حکومت عدالتی کمیشن کے قیام کے لئے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھے اور فورنزک آڈیٹر اس کمیشن کے ٹی او آرز کی بنیاد ہو۔

انہوں نے کہا کہ اعزاز احسن کی عدم دستیابی کی وجہ سے اسحاق ڈار سے ملاقات کی بجائے ٹیلیفون پر بات ہوئی جب کہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آپ کے کراچی والے بیان سے پریشان تھے۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت پاناما لیکس پر چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں کمیشن سے متعلق اپنی مشاورت مکمل کرکے ہمیں فیصلے سے آگاہ کرے گی، اگر چیف جسٹس کمیشن کی سربراہی سے انکار کردیتے ہیں تو پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔