اسلام آباد،کل جماعتی حریت کانفرنس (آزاد کشمیر شاخ) کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مظاہرہ، آزادی کے حق میں نعرے بازی

بدھ 20 اپریل 2016 14:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس (آزاد کشمیر شاخ) نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے بھارتی مظالم خاص طور پر ضلع کپواڑہ میں بیگناہ شہریوں کے حالیہ قتل کیخلاف اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے مبصرین دفتر کے سامنے ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔اطلاعات کے مطابق کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں ہونے والے مظاہرے کے شرکا نے اس موقع پر بھارتی جبر وا ستبداد کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

مقررین نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز ایک طرف نہتے کشمیریوں کو قتل کر رہی ہیں جبکہ دوسری طرف بے گناہ لوگوں کے قتل کے خلاف پرامن احتجاج کی بھی اجازت حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنماؤں کو بھارتی چیرہ دستیوں کے خلاف آواز اٹھانے سے روکنے کیلئے گھروں ، تھانوں اور جیلوں میں نظر بند کیا جاتاہے ۔ مقررین نے کہا کہ ہندواڑ ہ کے المناک واقعے نے تمام کشمیریوں کے دل رنجیدہ کر دیے ہیں۔ مقررین نے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کو ہرگز مرعوب نہیں کیا جاسکتا۔ مظاہرے کے اختتام پر مبصرین دفتر میں عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل کے نام ایک یاد داشت پیش کی گئی۔