سرگودھا، قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری بیٹے کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے ، تحفظ فراہم کرنے کی پاداش میں تھانیدارحوالات پہنچ گیا

بدھ 20 اپریل 2016 14:02

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء ) قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری بیٹے کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے اور اسے تحفظ فراہم کرنے کی پاداش میں تھانیدارحوالات پہنچ گیا ۔ تھانہ کینٹ پولیس نے اے ایس آئی محمد افضل کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس لائن میں تعینات اے ایس آئی محمد افضل کا بیٹا محمد امجد اپنے 2 کزنوں ناصروغیرہ سمیت تھانہ میانی پولیس کو2014 سے قتل کے مقدمہ میں اشتہاری ہو کر مطلوب ہے۔

ڈی پی او سرگودھانے تھانیدار کو معطل کر کے پولیس لائن حاضر کر دیا اور ایک ہفتہ کے اندر اپنے بیٹے کی گرفتاری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جس پر مذکورہ تھانیدارپورا نہ اتر سکا بلکہ اپنے اشتہاری بیٹے کو تحفظ فراہم کرتا رہا اور پولیس کواپنے بیٹے کے گرفتارکرنے میں رکاوٹیں بھی پیدا کرتا رہا ۔

(جاری ہے)

جس پر ڈی پی او سرگودھا نے حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پرتھانیدار محمد افضل کو گرفتار کروا کر زیر دفعہ-D 155پولیس آڈر2002کے تحت تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ۔

ڈی پی او سرگودھا نے کہا ہے کہ کارسرکار میں غفلت اور لاپرواہی کو کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔یادرہے کہ ڈی پی او سرگودھا نے واضح طور پر یہ کہہ رکھا ہے کہ جو کوئی بھی پولیس افسر یا ملازم مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت تادیبی کاروائی ہو گی۔تھانیدار مذکورہ بالا بھی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا ہے جس کی پاداش میں اس کے خلاف مقدمہ درج ہو ا۔

متعلقہ عنوان :