پاکستان کے عوام نے موجودہ اسمبلیوں کو 5 سال کے لئے مینڈٹ دیا ہے،سب کو احترام کرنا چاہیے،وزیر اعلیٰ سندھ

بدھ 20 اپریل 2016 11:23

کراچی ۔ 19 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 اپریل۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام نے موجودہ اسمبلیوں کو 5سال کے لئے مینڈٹ دیا ہے اور اس مینڈٹ کا سب کو احترام کرنا چاہیے اور اسمبلی کو تحلیل کرنے کی تجویز سے متعلق بے بنیاد افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے منگل کو نیشنل ہائی وے N-5 روڈ جناح ٹرمینل سے قائد آباد فلائی اوور کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو ، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی اور وزیراعلیٰ سندھ کے پولیٹیکل سیکریٹری صدیق ابو بھائی، ایڈمنسٹریٹر کراچی و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے جمہوریت کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ بلدیاتی اداروں کے ناظمین کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں دو ماہ کی مدت میں تمام تر قانون سازی بھی کی جائے گی اور دو ماہ کے عرصے میں بلدیاتی نظام کو فعال کر دیا جائیگا۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو کے ہمراہ نیشنل ہائی واے N-5روڈ جناح ٹرمینل سے قائد آباد جو کہ تین کلو میٹر پر محیط ہے کی بحالی/از سر نو تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا اس منصوبے پر لاگت 785.217ملین روپے ہے اور یہ ایک سال کی مدت میں مکمل ہوگا اس کا کنٹریکٹ ایف ڈبلیو او کو دیا گیا ہے۔ نیشنل ہائی وے )این ۔5) کراچی کی ایک بڑی ہائی وے ہے جو کہ ٹھٹھہ/حیدرآباد کو شاہراہ فیصل نزد جناح ٹرمینل سے ملاتی ہے، اس سڑک پر نہ صرف یہ کہ ٹھٹھہ اور حیدرآباد کے لئے کمرشل اور پبلک ٹرانسپورٹ رواں دواں رہتی ہے بلکہ کراچی کے مشرقی حصہ پر اہم اور بڑے صنعتی سیکٹرز بھی واقع ہیں جن میں پورٹ قاسم، ایکسپورٹ پروسیسنگ زون ، کراچی اسٹیل ملز، لانڈھی اور بن قاسم انڈسٹریل ایریاز کو کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم سے ملاتی ہے ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ حکومت نئی سڑکیں تو تعمیر کررہی ہے مگر پرانی سڑکوں کو نظر انداز کر رہی ہے جوکہ سچ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرانی سڑکوں کی بحالی کا کام بھی کر رہے ہیں اور یہ این ۔5پروجیکٹ ا سی کا حصہ ہے۔

متعلقہ عنوان :