پاک آرمی کی جانب سے صالح پٹ میں ”عوام اور آرمی ساتھ ساتھ“ کے عنوان سے مفت طبی کیمپ کا انعقاد

بدھ 20 اپریل 2016 11:06

سکھر ۔19اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 اپریل۔2016ء)پاک آرمی کی جانب سے تعلقہ صالح پٹ کے دیہی علاقوں کے لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بیسک ہیلتھ یونٹ صالح پٹ میں ”عوام اور آرمی ساتھ ساتھ“ کے عنوان سے ایک روزہ مفت طبی کیمپ لگایا گیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق کیمپ کے دوران سرجیکل ، اسکن، ای این ٹی ،گائنی، امرض چشم ، گیسٹرو اور دیگر بیماریوں کے ماہر سول اور آرمی میڈیکل افسران نے مریضوں کا مفت معائنہ کیا ۔

(جاری ہے)

دن بھر جاری رہنے والے آرمی میڈیکل کیمپ میں 1140مریضوں نے علاج کی مفت سہولت سے فائدہ اٹھایا جن میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل تھی۔ مختلف بیماریوں کے ماہر ڈاکٹرز نے مریضوں کا مفت علاج کیا اور مفٹ ٹیسٹ اور ادویات بھی فراہم کیں ۔ اس موقع پر کمانڈر لاجسٹک 16ڈویژن پنو عاقل بریگیڈیئر سلمان انور نے آرمی کیمپ کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی ادویات کا بھی معائنہ کیا اور وہاں موجوڈ ڈاکٹرز سے مریضوں کے بارے میں معلومات لیں ۔ بریگیڈیئر سلمان انور نے ڈاکٹرز پر زور دیا کہ گرمی کے موسم کو سامنے رکھتے ہوئے گیسٹرو اور ڈائریا کے مریضوں پر خاص توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ کا مقصد علاقے کے لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔