چارسدہ کے عوام کے بجلی سے متعلق درپیش مشکلات دور کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں،ارشد عمر زئی

منگل 19 اپریل 2016 20:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 اپریل۔2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد علی عمر زئی نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی، چارسدہ کے عوام کے دیگر مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ بجلی سے متعلق عوام کو درپیش تمام مسائل و مشکلات دور کرنے کیلئے پارٹی کے منشور کے مطابق ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت تمام ترکوششیں کر رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیسکو چیف انوارالحق یوسفزئی سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمعاون خصوصی نے پیسکوچیف کو چارسدہ کے عوام کو بجلی سے متعلق درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی طورپر آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چارسدہ میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے ساتھ اووربلنگ کی وجہ سے بھی چارسدہ کے لوگ بڑی تکالیف اور مشکلات میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحیثیت عوامی نمائندہ وہ ان مسائل سے عوام کو چھٹکارہ دلانا اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں اور ان کی سیاست کا مقصد ہی عوام کو پریشانیوں اور مسائل کے دلدل سے نکالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں کا موسم شروع ہوتے ہی بجلی کی غیر معمولی لوڈ شیڈنگ عوام کے لئے باعث تشویش ہے تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت بجلی کی چوری کسی قیمت پر نہیں ہونے دے گی اور بجلی چوروں کے خلاف کسی بھی تادیبی کارروائی سے گریز نہیں کرے گی ۔

معاون خصوصی نے پیسکو چیف سے چارسدہ کے لوگوں کے ذمے بجلی کے بلوں کے واجبات کی ادائیگی کو سہل بنانے کیلئے خصوصی رعایت دینے کا بھی کہا تاکہ لوگ بجلی کے بلوں میں اپنے بقایا جات آسانی سے ادا کر سکیں۔پیسکو چیف انوار الحق یوسفزئی نے فوری طور پر پیسکو کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ بجلی کے نئے بلوں کے ساتھ پرانے واجبات کو آسان اقساط میں وصول کریں ۔

انہوں نے پیسکو حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کے تعاون سے ان کی موجودگی میں جہاں کہیں بھی ڈائریکٹ کنکشن یا کنڈے لگے ہوں انہیں ختم کر کے باقاعدہ میٹر نصب کر کے بلنگ سسٹم شروع کیا جائے۔پیسکو چیف نے معاون خصوصی کو چارسدہ میں لوڈ شیڈنگ میں کمی کے ساتھ ساتھ دیگر تمام جائز مسائل کے حل کی بھی یقین دہانی کرائی ۔