وزیر دفاع خواجہ آصف سے برطانیہ کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل نیکلسن پیٹر کارٹر کی ملاقات ٗ باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال

دونوں ممالک کے عوام پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اچھے تعلقات میں پل کا کردار ادا کر رہے ہیں ٗ وزیر دفاع خواجہ آصف

منگل 19 اپریل 2016 19:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 اپریل۔2016ء) وزیر دفاع خواجہ آصف سے برطانیہ کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل نیکلسن پیٹرک کارٹر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور‘ دفاعی شعبہ میں تعاون اور دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کو قریبی دوست ملک سمجھتا ہے اور ترقی میں دونوں ملکوں کا اہم کردار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں دونوں ملکوں کے عوام پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اچھے تعلقات میں پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں بشمول ڈیوڈ کیمرون کے پاکستان کے دورہ اور وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورہ برطانیہ کو سراہا۔ وفود کے تبادلوں کے وجہ سے دونوں ملکوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کو فروغ ملا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج اور عوام کی قربانیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف مؤثر جنگ میں عالمی برادی کو کیثر جہتی حمایت فراہم کی ہے۔ برطانیہ کے چیف آف سٹاف نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطہ میں استحکام اور امن قائم ہوسکے گا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کیلئے کوشاں ہیں تاہم تصفیہ طلب مسائل کا حل ضروری ہے۔ ملاقات میں مجموعی علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں وفاقی سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عالم خٹک سے برطانیہ کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل نیکلسن پیٹرک کارٹر نے راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں پاک یو کے جاری سٹرٹیجک ڈائیلاگ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بتایا گیا۔ ملاقات میں یکم جولائی کو دفاعی تعاون فورم کے 15ویں کے لندن میں منعقد ہونے والے اجلاس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔