معاون خصوصی اطلاعات کی مردان دھماکہ کی شدید مذمت

دہشتگرد بوکھلا چکے ہیں، دفاتر اور عوامی مقامات کو نشانہ بنا رہے ہیں،مشتاق احمد غنی

منگل 19 اپریل 2016 19:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 اپریل۔2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے مردان میں ایکسائز آفس میں خود کش دھماکہ کی شدید مذمت کی ہے۔یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے واقعہ کو اتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں جو کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

دہشتگرد اب بوکھلا چکے ہیں اور دفاتر، عوامی مقامات کو ٹارگٹ بنا کر عوام میں خو ف و ہراس پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر مردان کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور دھماکہ کے زخمیوں کو تمام تر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیموں نے بر وقت کارروائی کر کے زخمیوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال پہنچایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت صوبہ میں امن و امان کے قیام کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور ماضی کے مقابلے میں صوبہ میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے تاہم اس وقت پورا ملک دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے جس کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔انہوں نے دھماکہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دا کی۔