کل بھوشن سے تحقیقات مکمل ہونے ٗمزید گرفتاریوں اور نیٹ ورکس توڑے جانے تک معاملہ ایوان میں نہ لایا جائے ٗخواجہ آصف

وزیر دفاع کی بریفنگ اور کل بھوشن کے معاملہ پر دو گھنٹے کی ان کیمرہ بریفنگ (کل) بدھ کو دی جائے ٗ چیئر مین سینٹ کی رولنگ

منگل 19 اپریل 2016 19:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 اپریل۔2016ء ) سینیٹ میں سینیٹر اعظم خان سواتی, سینیٹر حمد اﷲ ٗسحر کامران نے را کے ایجنٹ کل بھوشن یادیوکی بلوچستان سے گرفتاری کے حوالے سے ایوان میں تحریک التواء پیش کی جس کی وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مخالفت کر دی ۔ منگل کو سینیٹ کے اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ابھی کل بھوشن یادیو سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں - آنے والے دنوں میں تحقیقات سے حاصل ہونے والی معلومات اہم ثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ معاملہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے -کل بھوشن سے تحقیقات مکمل ہونے ٗ مزید گرفتاریوں اور نیٹ ورکس توڑے جانے تک معاملہ ایوان میں نہ لایا جائے۔ایک مرتبہ تحقیقات مکمل ہو جائیں پھر اس معاملہ پر کھل کر بحث کی جا سکے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی نے سوال اٹھایا کہ ایران کی سرحد سے داخل ہونے والے بھارتی ایجنٹ کی تفصیلات پارلیمان کو کیوں نہیں بتائی جا رہی جس کے جواب میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بنیادی تفصیلات بتا چکے ہیں، مگر تمام تفصیلات پبلک کرنا ابھی ٹھیک نہیں ہو گا۔

اس ایشو کو بین الاقوامی سطح پر اٹھا رہے ہیں۔بھارت نہ صرف نان سٹیٹ ایکٹرز بلکہ سٹیٹ ایکٹرز کے ذریعے بھی پاکستان میں دہشتگردی کو سپورٹ کر رہاہے۔ اسی بھارتی ایجنٹ کے بلوچستان کے قوم پرستوں سے تعلق ثابت ہوئے ہیں۔اگر ابھی سے تمام تفصیلات پبلک کر دیں تو ہم اپنے ٹارگٹ کو حاصل نہیں کر سکیں گے۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کل بھوشن پر تحریک التوا کے حوالے سے اپنی رولنگ دے دی۔

انہوں نے رولنگ میں کہا کہ پارلیمانی کمیٹیاں پارلیمان کی ہی ایکسٹنشن ہیں -معاملہ کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے میں قاید ایوان سے درخواست کروں گا کہ وہ اجلاس کے آخر میں جمعرات کو دو گھنٹے کی ان کیمرہ بریفنگ دیں-معاملہ کو ایجنڈا کا آخری آئیٹم کے طور پر اس پر بحث کی جائے ۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ جمعرات کو مجھے الماتے جانا ہے لہذا جمعرات کو بریفنگ نہ رکھیں جس پرچیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ وزیر دفاع کی بریفنگ اور کل بھوشن کے معاملہ پر دو گھنٹے کی ان کیمرہ بریفنگ (کل) بدھ کو دی جائے ۔

متعلقہ عنوان :