کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کے اقدامات بارے جائزہ اجلاس

تمام ڈپٹی کمشنرز اور بلدیاتی اداروں نے ہنگامی منصوبے تیار کر لئے فلاحی اداروں کا تعاون بھی حا صل کیا جائے گا،کمشنر کراچی

منگل 19 اپریل 2016 18:55

کراچی ۔ 19 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 اپریل۔2016ء) کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں متوقع ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ہیٹ سٹروک سے شہریوں کے بچانے کے لئے کمشنر کراچی کے تیار کردہ ہنگامی منصوبہ پر تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مضبوط رابطہ سے عملدرآمد کیا جائے گا، منصوبہ میں فلاحی اداروں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا تاکہ تمام متعلقہ سرکاری و نجی ادارے آپس میں رابطہ و تعاون سے شہریوں کو متوقع ہیٹ سٹروک سے بچانے کے منصوبہ پر عمل کرسکیں۔

کمشنر کراچی کے دفتر میں قائم ریسکیو ڈیپارٹمنٹ 1299 پر ایک خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے، جو تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ و تعاون سے کام کر نے کو یقینی بنائے گا۔

(جاری ہے)

منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر سعید احمد، تمام ڈپٹی کمشنرز صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی حکومت سندھ، ری ہبلیٹیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ، بلدیہ عظمیٰ، بلدیاتی اداروں کے افسران اور فلاحی اداروں کے نمائندوں اور دیگر نے شر کت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز، بلدیہ عظمیٰ اور ڈی ایم سیز نے متوقع ہیٹ اسٹراک سے بچاؤ کے لئے اقدامات کی تیاری مکمل کر لی۔ اجلاس نے ڈپٹی کمشنرز ، بلدیہ عظمیٰ اور ڈی ایم سیز کے اقدامات کا جائزہ لیا اور ہلال احمر، ایدھی فاوٴنڈیشن، امن فاوٴنڈیشن،عالمگیر ویلفئیر ٹرسٹ ، جے ڈی سی سمیت دیگر فلاحی اداروں سے مشاورت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع میں فرسٹ ریسپانس سینٹر، ٹر چیری اور ریلیف سینٹرز کی تفصیلات سے کمشنر کراچی کو آگاہ کیا۔

کمشنر کو بتایا گیا کہ کراچی میں 100 سے زائد ریلیف سینٹرز قائم کئے جائیں گے۔ ریلیف سینٹر کے قیام کا مقصد لوگوں کو گرمی کی شدت سے بچانے کے لئے فوری نوعیت کی سایہ دار جگہ فراہم کر نا ہے جہاں وہ ٹھنڈے پانی کے ذریعے گرمی کی شدت سے خود کو بچاسکیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہیٹ اسٹراک سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کے بارے میں موثر تشہیری اور ترغیبی مہم شروع کی جائے گی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اس سلسلہ میں محکمہ صحت کے ساتھ مشاورت سے آگاہی مہم شروع کرے گی۔

ہلال احمر نے بھی اس سلسلہ میں ایک پوسٹر تیار کیا ہے، آگاہی مہم میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل پوسٹر کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہیٹ سٹروک کی شکایت کی صورت میں فوری ریلیف اور مدد کے لئے شہر میں 171 فرسٹ ریسپانس سینٹرز قائم کئے جائیں گے۔ کمشنر کراچی ریسکیو 1299 سے مختلف فلاحی اداروں کے زیر انتظام 812 ایمبولینسز رابطہ میں رہیں گے تاکہ انہیں مطلوبہ مقام پر کم سے کم وقت میں مدد کے لئے بھیجا جا سکے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایمبولینس ڈرائیوروں کو خصوصی تربیت فراہم کی جا ئے گی۔ اجلاس میں چڑیا گھر اور سفاری پارک میں جانوروں کو ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ چڑیا گھر اور سفاری میں جانوروں کو سایہ فراہم کیا جائے گا، ان کے پنجروں اور اطراف میں ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے لئے خصوصی انتظام کیا جائے گا اس سلسلہ میں پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے گا، ان کی نگرانی کرنے اور انہیں پینے کے لئے پانی کی فراہمی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔