اسسٹنٹ کمشنر جہلم کا پاسپورٹ آفس کے باہر ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن‘ 3گرفتار

منگل 19 اپریل 2016 18:33

جہلم ۔ 19 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 اپریل۔2016ء) ڈی سی او جہلم اقبال حسین خان کی ہدایت پر کاروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر جہلم کنول بتول نے پاسپورٹ آفس جہلم کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تین مبینہ ایجنٹوں کو گرفتار کرکے ایف آئی آر درج کرادی ۔ ایجنٹ پاسپورٹ بنانے کے بہانے سائلین سے ہزاروں روپے بٹور تے ہیں ،ایجنٹوں سے پاسپورٹ فارم اور دیگر دستاویزات بھی قبضہ میں لے گئے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر کنول بتول نے کہاکہ کریک ڈاؤن عوامی شکایات کی روشنی میں جاری کیا گیا کہ پاسپورٹ آفس کے باہر ایجنٹ مافیا سرگرم ہے جو شہریوں سے دھوکہ دہی سے روپے بٹورتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی جار ی رہے گی اورایجنٹ مافیا کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پاسپورٹ سرکاری دستاویز ہے اور اس کے حصول کیلئے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے اور ایجنٹ مافیا کا شکار نہ ہوں اور شکایت کی صورت میں ڈی سی او آفس یا دفتر اسسٹنٹ کمشنر سے رابطہ کریں۔