چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے میانوالی میں ڈسٹرکٹ کنزیومرکورٹ کے قیام کی منظوری دیدی

منگل 19 اپریل 2016 16:12

لاہور/میانوالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 اپریل۔2016ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے میانوالی میں ڈسٹرکٹ کنزیومرکورٹ قائم کرنے کی منظوری دیدی ۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میانوالی کے صدر زبیر سعید اعوان نے بتایا کہ چیف جسٹس نے ان کے مطالبے پر ڈسٹرکٹ کنزیومرکورٹ کے قیام کی منظوری دیدی ہے۔

(جاری ہے)

چند روز قبل ڈویژنل کوارڈنیشن کمیٹی سرگودھا ڈویژن نے چیف جسٹس ہائی کورٹ لاہور سے ملاقات کی تھی جس میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میانوالی کے صدر زبیر سعید اعوان ، جنرل سیکرٹری شیر احمد خان نیازی نے ڈسٹرکٹ بار میانوالی کی نمائندگی کرتے ہوئے میانوالی میں ڈسٹرکٹ کنزیومر کورٹ کے قیام کا مطالبہ کیا جس پر چیف جسٹس ہائیکورٹ لاہور کی ہدایت پرکنزیومر کورٹ میانوالی کی منظوری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

زبیر سعید اعوان نے بتایا کہ میانوالی کنزیومر کورٹ کی بلڈنگ کا انتظام کرلیا گیا ہے، صدر زبیر سعید اعوان اور جنرل سیکرٹری شیر احمد خان نے فوری نوٹیفکیشن کے اجراء پر ڈسٹرکٹ بار میانوالی کے عہدیداران، اراکین کی طرف سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس اعجاز الاحسن کا شکریہ ادا کیا ۔