پاکستانی عوام دھرنا سیاست نہیں چاہتی ہے ‘ میں نہ مانوں والی بات نہیں چلے گی ‘ وزیر اعظم محمد نواز شریف

منگل 19 اپریل 2016 14:39

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 اپریل۔2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام دھرنا سیاست نہیں چاہتی ہے ‘ میں نہ مانوں والی بات نہیں چلے گی ‘ 1972 سے ہمارا خاندان مشکلات کا شکار رہا، پاناما لیکس کے حوالے سے جلد کمیشن بن جائیگا۔ لندن سے پاکستان روانگی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور قوم کی دعاؤں سے صحت میں بہتری آئی ہے اور میں پاکستان جارہا ہوں وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مطمع نظر ملک کی خوشحالی ہے ‘ عوام کی اکثریت احتجاج کی سیاست کی حامی نہیں، عوام کسی کو ملکی ترقی میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔

وزیراعظم نے کہاکہ پانامہ لیکس میں مجھ پر کوئی الزام نہیں لگا، پانامہ لیکس کے معاملہ پر کمیشن جلد بنے گا تاہم سیلاب کے نام پر چندہ جمع کرنے والوں کا حساب ہونا چاہیے ‘ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا خاندان 1972ء سے مشکلات کا شکار ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے ہماری صنعتوں کوقومی تحویل میں لیا ، کمیشن کو ان چیزوں کا بھی جائزہ لینا چاہیے ‘ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں عوام کی بھاری اکثریت ملک میں امن، سلامتی اور ترقی چاہتی ہے، پاکستان کو آگے بڑھنا ہو گا، اب ”میں نہ مانوں“ والی بات نہیں چلے گی کیونکہ اسے 90کی دہائی میں دفن کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کمیشن کیلئے روابط بارے بتادیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی دھرنوں پر معاملہ سپریم کورٹ بھجوایا تھا، جس پر سپریم کورٹ نے ایک فیصلہ دیا جسے دھرنے والوں نے تسلیم نہ کیا اسی طرح سپیکر سردار ایاز صادق ،جو ضمنی انتخاب میں دوبارہ منتخب ہوئے ، کے انتخاب کو بھی ایسے لوگوں نے تسلیم نہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ انہوں نے کہا کہ ملک میں چند ایسے سیاستدان ہیں جو اب تک بالغ نہیں ہوئے اور وہ 90 کی دہائی والی سیاست ہی کر رہے ہیں، اللہ کرے انہیں بھی پاکستان کی ترقی اتنی ہی عزیز ہوجتنی مجھے اور دیگر پاکستانیوں کو ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ کئی لوگوں کو میرے لندن میں آنے میں سازش نظر آرہی تھی لیکن میں چیک اپ کیلئے آیا جو مکمل ہوگئے اوراب واپس اپنے وطن جارہا ہوں، میرے لندن آنے کے بعد پیشگوئیاں کرنے والوں سے ہی پوچھا جائے کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا؟۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان واپس جارہا ہوں جس کے بعد وطن واپس نہ لوٹنے کی افواہیں دم توڑ جاتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :