امریکہ نے دنیا پر دباوٴ ڈالنے کیلئے پانامہ لیکس کا ڈرامہ رچایا ،کوئی قانونی حیثیت نہیں، جے یو آئی(ف)

پیر 18 اپریل 2016 22:49

بولان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 اپریل۔2016ء) امریکہ نے دنیا پر دباوٴ ڈالنے کیلئے پانامہ لیکس کا ڈرامہ رچایا اسکی کوئی قانونی حیثیت نہیں ۔جمعیت علماء اسلام این اے 267 کے ضمنی الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لے رہی ہے عوام جمعیت کے نامزد امیدوار کو کامیاب بنائیں ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام (ف) کے صوبائی امیر مولانا فیض محمد ،صوبائی جنرل سیکرٹری ملک سکندر خان ایڈوکیٹ نے لنڈی کھوسہ میں انتخابی جلسے کے بعد ڈھاڈر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں کیا اس موقع پرصوبائی نائب امیر،ایم این اے زمان،مولنا عبید اللہ جتک،ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا کمال الدین،مولانا عبد الواحد صدیقی،این اے 267کے نامزد امیدوار سید ارشد الدین شاہ،ضلع کچھی کے جنرل سیکرٹری مولانا حافظ یعقوب،امیر سبی مولانا عطاء اللہ بنگلزئی ،امیر تحصیل ڈھاڈر مولانا عبد الحئی جتوئی،کے علاوہ کثیر تعداد میں ضلعی تحصیل عہدیدار موجود تھے۔

(جاری ہے)

مولانا فیض محمد اور ملک سکندر خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام واحد جماعت ہے جس کے آئین منشور میں سب کے حقوق مساوی ہیں۔این اے 267کے ضمنی الیکشن میں بھرپور مقابلہ کرینگے عوام جمیعت کے نامزد امیدوار کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں کیونکہ ملک کی دیگر پارٹیوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا جمعیت ملک میں انصاف کے بول بالا ہونے کیلئے مصروف عمل ہے انصاف ہوگا تو ملک میں امن ہوگا پانامہ لیکس در اصل امریکہ لابی کی ایک چال ہے جس میں وہ پوری دنیا کو اپنے مکروہ چہرے سے پہنسا چکا ہے اوریہ صرف ایک ڈرامہ ہے اسکی کوئی آئینی قانونی حیثیت نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ این اے 267میں عوام کا کوئی حقیقی نمائیندہ نہیں عوام کو ایک مرتبہ پھر سبز باغ دکھائیں جارہے ہیں اس صورتحال میں جمیعت کے نامزد امیدوار ہی تبدیلی کی علامت بن کر کھڑے ہیں جو غریبوں کے دکھ درد کا مداواکر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں کچھی جھل مگسی کے عوام کتاب پر مہر لگا کر غریب پرور شخص کو اپنے قیمتی ووٹ دیکر کامیاب کریں کیونکہ جمعیت ہی اس ملک مسائل کو حل کرنے کا بھر پورا صلاحیت رکھتے ہے۔