سوات میں فوجی چھاؤنی کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

پیر 18 اپریل 2016 22:14

سوات۔18اپریل ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 اپریل۔2016ء ) سوات میں فوجی چھاؤنی کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ،جی او سی سوات میجر جنرل نادرخان نے ز مین کے مالکان میں چیکوں کی تقسیم کا افتتا ح کیا ،اس حوالے سے تحصیل کبل کے علاقے سیگرام میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جنرل آفیسر کمانڈ نگ میجر جنرل نادر خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر ایم پی اے محب اللہ ، ڈی پی او سوات سیلم مروت ، ڈی سی سوات عاطف رحمن، فوجی اور سول افسران کے علاوہ عمائدین علاقہ اور مقامی لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی،تقریب کو بتایا گیا کہ سوات میں قیام امن کے بعد ایک اعلی سطحی اجلاس 2009ء میں ایوان صدر میں منعقد ہو اتھا ، جس میں صد ر پاکستان اور وزیر اعظم نے سوات میں فوجی چھاؤنی کے قیام کی باقاعدہ منظوری دی تھی، وزارت دفاع نے باہمی مشاورت اور جانچ پڑتال کے بعد سوات چھاؤنی کے منصوبے کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران جی او سی سوات میجر جنرل نادرخان نے چھاؤنی کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھا اور زمین کے مالکان میں چیکوں کی تقسیم کا افتتاح کیا اور کئی مالکان کو چیک دیدئے گئے ،اس موقع پر جی او سی سوات میجرجنرل نادرخان نے اپنے خطاب میں کہاکہ چھاؤنی کے قیام سے یہاں کی عوام کی خواہش تھی تاکہ کنٹونمنٹ بننے کے بعد شکست خوردہ دہشت گرددوبارہ منظم نہ ہوسکیں ۔