خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں تعلیم عام کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،میاں جمشیدالدین

پیر 18 اپریل 2016 21:52

نوشہرہ۔18اپریل ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 اپریل۔2016ء ) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشیدالدین کاکاخیل نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں تعلیم عام کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ قوموں کی ترقی کا راز تعلیم میں پوشیدہ ہے، آج کے بچے اور بچیاں قوم کے معمار ہیں اور انہی طلباء و طالبات پر بہتر مستقبل کا دارومدار ہے۔

حلقہ پی کے 14میں 35پرائمری اور مڈل سکولوں کو اپ گریڈ کردیاگیا ہے اور بہت جلد این ٹی ایس پاس کرنے والے اساتذہ کی بھرتیوں کااعلامیہ جاری کرکے ضلع نوشہرہ سمیت خیبرپختونخوا بھر میں اساتذہ کی کمی کو پورا کردیاجائے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے نوشہرہ کلاں گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر5ہوتی خیل میں 38 لاکھ روپے کی لاگت سے راہا پراجیکٹ کے تحت کمروں کی تعمیر کے بعد افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میاں جمشیدالدین کاکاخیل نے کہا کہ ضلع نوشہرہ کے ہرسکول میں فرنیچر کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اور اب وہ دور نہیں رہا کہ بچے فرش پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کریں، والدین اور اساتذہ ملکر معاشرے سے جہالت کے اندھیرے ختم کرکے شرح خواندگی بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں اس موقع پر انہوں نے ہوتی خیل پارک کو گورنمنٹ پرائمری ہوتی خیل اور گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول ہوتی خیل کو پلے گراوٴنڈ کیلئے مختص کرنے کا بھی اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :