پارٹی میں کوئی دھڑے بندی نہیں نہ ہی پارٹی کو کوئی ختم کرسکتاہے،نثار احمد کھوڑو

ہم پارٹی کے ناراض کارکنان سمیت پرانے ، نئے اور سینئر کارکنان کو بھی ساتھ لے کر چلیں گے

پیر 18 اپریل 2016 21:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی کوآرڈی نیشن کمیٹی نے رواں ماہ پارٹی کا جنرل باڈی اجلاس طلب کرکے پارٹی کی تنظیم نو اور ممبرشپ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔یہ اعلان کمیٹی کے سربراہ نثار احمد کھوڑو نے کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد اپنے دفترمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

انھوں نے کہا کہ پارٹی میں کوئی دھڑے بندی نہیں نہ ہی پارٹی کو کوئی ختم کرسکتاہے ہم پارٹی کے ناراض کارکنان سمیت پرانے ، نئے اور سینئر کارکنان کو بھی ساتھ لے کر چلیں گے ۔انھوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم نو اور ممبر شپ مہم شروع کرنے کے لیے سندھ بھر کے تمام اضلاع کا دورہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے شیڈو ل جاری کیا جائیگا۔انھوں نے کہا کہ پارٹی کے منشور کے مطابق تنظیم نو کی جائیگی اور رواں ماہ سندھ کے کسی ضلع میں پارٹی کا جنرل باڈی اجلاس طلب کرکے تنظیم نو کا عمل شروع کیا جائیگا اور اس اجلاس میں ناراض کارکنان کے خدشات بھی سنے جائینگے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سندھ کے ہر ضلع میں پارٹی کارکنان اور سابقہ عہدیداروں سمیت پرانے ورکروں سے بھی ملاقاتیں کرکے ان سے تنظیمی ڈھانچے کے متعلق رائے لی جائیگی جس کے بعد تین تین عہدیداروں کے نام تجاویز کے طور پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پیش کیے جائینگے اور پھر ان میں سے کسی ایک کو عہدیدارمقرر کرنے کا اختیار پارٹی چیئرمین کو حاصل ہے ۔

انھوں نے کہا کہ سندھ میں پارٹی کے تنظیم نو کے لیئے تجاویز مرتب کرنے کے لیئے تین ماہ کا ٹارگیٹ دیا گیا ہے اور اس مدت کے اندر تجاویز مرتب کرکے پارٹی چیئرمین کو بھیجی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ پارٹی کی ذیلی تنظیموں کی بھی تنظیم نو کی جائیگی ۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پارٹی اور حکومتی عہدے الگ الگ کرنے کے متعلق فیصلہ پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کرے گی ۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ عام انتخابات دو سال کے بعد ہونگے اور بلاول بھٹو زرداری نے کمان سنبھال لی ہے اسلئیے پارٹی کی تنظیم نو کا یہ وقت مناسب ہے۔انھوں نے کہا کہ لندن میں کوئی نیا میثاق جمہوریت نہیں ہورہا نہ ہی میں لندن جارہا ہوں اور ہمارے پارٹی چیئرمین ملک میں موجود ہے اور باقی دوسرے جانیں ان کے کام جانیں ۔قبل ازیں پیپلز پارٹی سندھ کی کورآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ایم این اے نفیسہ شاہ ، سنیئر وزیر مراد علی شاہ ، مولا بخش چانڈیواورراشد ربانی نے شرکت کی۔