ناجائز اثاثے کے الزام میں وزیر اعظم اور انکے خاندان کے ارکان کی طلبی کیلئے معاملے پر درخواست گزار کو نوٹس کے اجراء کی فیس جمع کرانے کی ہدایت

پیر 18 اپریل 2016 20:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) لاہور ہائی کورٹ نے ناجائز اثاثے کے الزام میں وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے ارکان کی طلبی کے لیے معاملے پر درخواست گزار کو نوٹس کے اجراء کی فیس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 26اپریل تک ملتوی کردی۔گزشتہ روز جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے علم میں یہ بات آئی کہ درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے نوٹس کے اجراء کے لیے فیس جمع نہیں کرائی جس کی وجہ سے نوٹس جاری نہیں ہوسکے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے متفرق درخواست میں یہ موقف اختیار کیا کہ پاناما لیکس کی رپورٹ سے ثابت ہو گیا کے وزیر اعظم ان کی اہلیہ کلثوم نواز،، بیٹوں حسن اور حسین نواز کے علاوہ ان کی بیٹی مریم نواز نے اپنے اثاثے چھپائے۔ غیر قانونی طور پر رقم بیرون ملک منتقل کی اور قوم سے غلط بیانی کی۔وزیر اعظم نے ذاتی حیثیت میں یہ اقدام کیا لہٰذا عدالت انہیں ذاتی حیثیت میں طلب کر کے اثاثوں کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے جبکہ شریف خاندان کو نااہل قرار دیا جائے ۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار کو نوٹس کے اجراء کی فیس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 26اپریل تک ملتوی کردی۔