ایم کیو ایم کے قائد کی تقاریر کی اشاعت ،نشریات پر پابندی کے احکامات پر مزید ایک ہفتے کی توسیع

پیر 18 اپریل 2016 20:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) لاہور ہائی کورٹ نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کے خلاف غداری کے مقدمے کے اندراج کے لیے ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں پر ایم کیو ایم کے قائد کی تقاریر کی اشاعت اور نشریات پر پابندی کے احکامات پر مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی ۔گزشتہ روز جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں پر سماعت کی ۔

ایم کیو ایم کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے تحریری دلائل عدالت میں جمع کرائے۔ تحریری دلائل میں یہ موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں آرٹیکل چھ کے تحت کاروائی صرف وفاقی حکومت کا اختیار ہے۔ تحریری دلائل میں عاصمہ جہانگیر نے اعتراض بھی اٹھایا کہ ایم کیو ایم کے قائد کی تقاریر اور بیانات کی اشاعت اور نشریات پر پابندی اظہار رائے کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کی وکیل نے یہ نشاندہی بھی کی کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہیں ان کے موکل کے خلاف غدرداری کے مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کی جائیں۔ عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد کی تقاریر کی اشاعت اور نشریات پر پابندی کے احکامات پر مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی جبکہ درخواست گزاروں کے وکلا کو پچیس اپریل کو جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

متعلقہ عنوان :