ڈاکٹرعاصم حسین کے خلاف دہشت گردوں کے علاج سے متعلق کیس کی سماعت 30اپریل تک ملتوی

پیر 18 اپریل 2016 19:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) انسدا دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ڈاکٹرعاصم حسین کے خلاف دہشت گردوں کے علاج سے متعلق کیس کی سماعت 30اپریل تک ملتوی کردی ہے ۔جبکہ مفرور ملزم سلیم شہزاد کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں ۔پیر کو سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم کے سہولت کاری کیس میں نامزد سلیم شہزاد کے علاوہ تمام ملزمان کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دران ایم کیو ایم اورپاک سرزمی پارٹی کے رہنما ایک ہی کمرہ میں موجود تھے ۔ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی، نامزد میئر وسیم اختر، پیپلز پارٹی کے عبدالقادر پٹیل اور پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائمخانی بھی پیش ہوئے ان کے ساتھ رضا ہارون اور مصطفی کمال بھی عدالت پہنچے جس کی وجہ سے کمرہ عدالت میں جگہ کم پڑگئی۔

(جاری ہے)

عدالت کے باہرایم کیو ایم اور پاک سر زمین پارٹی کے رہنماں کا بھی آمنا سامنا ہوا تو وسیم اختر نے طنز کیا کہ یہ لوگ اس قابل نہیں کہ ہاتھ ملایا جائے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ کیس سے متعلق بعض کاغذات غائب ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کاغذات ملنے تک ڈاکٹرعاصم کی ضمانت کی درخواست کی سماعت نہیں ہوسکتی۔ جب تک تمام کاغذات نہ آجائیں ہم ضمانت نہیں دے سکتے۔ سماعت30 اپریل تک ملتوی ہوگئی۔ مفرور ملزم سلیم شہزاد کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔

متعلقہ عنوان :