پاناما معاملے پر ایسا کمیشن بنے جو فعا ل ہو اور بغیر دباؤکے تحقیقات کرسکے اور حقائق سامنے لے کر آئے ٗشاہ محمود قریشی

حکومت سمیت ہم سب پاناما لیکس کے معاملے کی تحقیقات پر متفق ہیں ٗانٹرویو پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس منگل کو ہوگا جس میں تمام تجاویز پیش کی جائیں گی

پیر 18 اپریل 2016 19:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں بننے والے کمیشن کو تمام سیاسی جماعتیں مسترد کرچکی ہیں ٗ معاملے پر ایسا کمیشن بنے جو فعا ل ہو اور بغیر دباؤکے تحقیقات کرسکے اور حقائق سامنے لے کر آئے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ حکومت سمیت ہم سب پاناما لیکس کے معاملے کی تحقیقات پر متفق ہیں ۔

پی پی اور تحریک انصاف کی جانب سے ایک ایک تجویز دی گئی ہے جبکہ سپریم کورٹ بار کی طرف سے بھی تیسری رائے دی جاسکتی ہے۔ جسٹس (ر) سرمد جلال عثمانی کی سربراہی میں بننے والے کمیشن کو پہلے ہی مسترد کیا جاچکا ہے اور ہمارے مطالبے کے مطابق حکومت کی جانب سے چیف جسٹس کو کمیشن کے حوالے سے خط لکھنے کا کوئی ارادہ نظر نہیں آرہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منگل کو پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں تمام تجاویز پیش کی جائیں گی اور ہوسکتا ہے کہ سپریم کورٹ اس معاملے میں پڑنے سے انکار کردے جس کے بعد کا لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر سپریم کورٹ پاناما لیکس کی تحقیقات سے انکار کرتی ہے تو ہمیں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی تجویز پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :