بھارتی ایٹمی پروگرام کے حوالے سے امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ پر عالمی دنیا اور اقوام متحدہ نوٹس لے‘او آئی سی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دینا خوش آئند ہے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد کا بیان

پیر 18 اپریل 2016 18:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 اپریل۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے امریکی تھنک ٹینک کی جانب سے بھارتی ایٹمی پروگرام کوغیر محفوظ قرار دے کراسے اطمینان بخش بین الاقوامی نگرانی میں دینے کے مطالبے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی دنیا اس حوالے سے مربوط حکمت عملی اپنائیں اور بھارتی ایٹمی پروگرام کی کڑی نگرانی کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ ہندوستان ایک دہشت گردملک ہے جس نے ہر سطح پر دہشت گردی کو سپورٹ کیااور دہشت گردوں کی مالی معاونت بھی کی ہے۔گجرات فسادات سے لے کر سمجھوتہ ایکسپریس کے واقعات اس بات کامنہ بولتا ثبوت ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بھارتی مداخلت اور اس کے جارحانہ عزائم کے معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے کے لئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

ہندوستان سے اس وقت تک دوستی اورتجارت نہیں ہوسکتی جب تک آبی جارحیت کاخاتمہ،بلوچستان اور کراچی میں راء کے ایجنٹوں کی مداخلت ختم اور کشمیری عوام کو آزادی نہیں مل جاتی۔میاں مقصوداحمد نے ترکی کے شہر استنبول میں او آئی سی کے اجلاس میں پاکستانی موقف کو درست قراردے کر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے مطالبے کوخوش آئند قراردیتے ہوئے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر کے عوام کو ان کا حق خودارادیت دیاجائے۔

نصف صدی سے زائد کاعرصہ گزرچکا ہے،ہندوستان کی 7لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر پرقابض ہے۔لاکھوں بے گناہ افراد کو شہید کردیا گیا۔ہزاروں خواتین کی بے حرمتی کی گئی۔20ہزار سے زائدافرادآج بھی بھارتی فوج کے عقوبت خانوں میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے جس کی مکمل آزادی کے مطالبے سے ہم کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارت پرزورڈالنا ہوگا۔