مشیر صحت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی ڈینگی کا اجلاس ‘ ڈینگی کے کنفرم مریضوں کے خون کا نمونہ آئی پی ایچ کو بھیجنے کی ہدایت

انسداد ڈینگی کے طے شدہ معیارات 2014 ء میں ترمیم کے لئے تمام محکموں سے تجاویز طلب ‘مشیر وزیر اعلی سلمان رفیق

پیر 18 اپریل 2016 18:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 اپریل۔2016ء) کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس سوموار کے روز مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی کرن ڈار ، پیر اشرف رسول ایم پی اے کے علاوہ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان ، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید ، تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران ، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر ڈاکٹر معاذ احمد ،چیف منسٹر ڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج پروفیسر وسیم اکرم نے شرکت کی ۔

کمشنر گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، راوپنڈی اور ملتان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سیزن میں ڈینگی کے 6 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے تھے جن میں سے فیصل آباد اور شیخو پورہ سے ایک ایک جبکہ راولپنڈی اور اٹک سے 2-2 مریض شامل ہیں ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر فیاض بٹ نے بتایا کہ تمام مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں اور ان کی رہائش کے علاقے میں کیس ریسپانس بھی کر دیا گیا ہے ۔

ڈاکٹر فیاض بٹ نے مزید کہا کہ سعودی عرب سے تین اور ملائشیا سے 2 مریض آئے تھے جو صحت یاب ہو چکے ہیں ۔ اجلاس میں تمام محکموں کے افسران نے ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے کئے گئے اقدامات اور ان پر عملدرآمد بارے رپورٹ پیش کی ۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور سپیشل برانچ کے افسران نے ڈینگی کنٹرول کی سرگرمیوں اور سرویلنس کے حوالے سے خامیوں کی نشاندہی کی جس پر مشیر صحت نے متعلقہ حکام کو گیپس دور کرنے کی ہدایت کی ۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کے ڈینگی کنٹرول ماڈل کو انتہائی کامیاب قرار دیا گیا اور انٹر نیشنل فورمز پر بھی پنجاب کے ڈینگی کنٹرول پروگرام کو سراہا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے بہت محنت کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاہم ہماری محنت اور جدوجہد جاری رہنی چاہیے۔انہوں نے راوپنڈی اور شیخو پورہ کے اضلاع میں ڈینگی سرویلنس مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ۔

خواجہ سلمان رفیق نے افسران کو ہدایت کی کہ کنفرم اور ممکنہ ڈینگی مریض کے خون کے نمونہ جات تجزیہ کے لئے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لاہور کو لازمی بھجوائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ 2014 ء کے ڈینگی ایس او پیز میں ترامیم کے لئے تمام متعلقہ محکموں اور ماہرین سے تجاویز طلب کی گئی ہیں تاکہ ضرورت کے مطابق مذکورہ ایس او پیز میں تبدیلیاں کی جا سکیں ۔ اس سلسلہ میں تمام محکموں کو لیٹر بھی لکھ دیا گیا ہے ۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ تمام افسران اور محکمے انڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کے حوالے سے سرگرمیاں جاری رکھیں ۔

متعلقہ عنوان :