متحدہ کے رکن سندھ اسمبلی اشفاق منگی ساتھیوں سمیت پاک سرزمین پارٹی میں شامل ،کمال ہاؤس میں جشن ،پی ایس پی رہنماؤں نے اشفاق منگی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا

مصطفی کمال کو سن کر فیصلہ کیا کہ اب سیاست نہیں عوام کی خدمت کروں گا،ٹھٹھہ سے کشمور تک پارٹی کے ذمہ دار ہمارے ساتھ ہیں، پاک سرزمین پارٹی نوگو ایریا میں گئی تو سچ کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا،عوام کی خدمت نہ کرسکنے پر معذرت کرتاہوں،اشفاق منگی کی پریس کانفرنس ایم کیو ایم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ رکنے والا نہیں ،ہم کسی سے طاقت چھیننے کے لئے نہیں ،حالات ٹھیک کرنے آئے ہیں،24اپریل کے بعد ہر شہر کا دورہ کریں گے،مصطفی کمال

پیر 18 اپریل 2016 18:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 اپریل۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی و سابق رابطہ کمیٹی کے رکن اشفاق منگی ساتھیوں سمیت پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے،کمال ہاؤس میں جشن ،پی ایس پی کے رہنماؤں نے اشفاق منگی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا، مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ رکنے والا نہیں ،ہم کسی سے طاقت چھیننے کے لئے نہیں ،حالات ٹھیک کرنے آئے ہیں،24اپریل کے بعد ہر شہر کا دورہ کریں گے، اشفاق منگی نے کہا کہ مصطفی کمال کو سن کر فیصلہ کیا کہ اب سیاست نہیں عوام کی خدمت کروں گا،ٹھٹھہ سے کشمور تک پارٹی کے ذمہ دار ہمارے ساتھ ہیں۔

وہ پیر کو پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، اشفاق منگی پی ایس 127سے رکن سندھ اسمبلی ہیں،اورایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے سابق رکن بھی ہیں،ا نکے ہمراہ ایم کیو ایم سندھ تنظیمی کمیٹی کے کئی عہدیدار بھی مصفطی کمال کے قافلے میں شامل ہوگئے،کمال ہاؤس میں پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں مصطفی کمال ، رضاہارون،انیس قائم خانی سمیت دیگرنے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا کہ اشفاق منگی کو وطن پرستی کے قافلے میں خوش آمدید کہتا ہوں ہم کسی سے طاقت چھیننے نہیں آئے،دلوں کو جوڑنے آئے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ بہت ساری باتوں کا جواب نہیں دیتے کیونکہ ٹائم نہیں ہے، وقت بہت قیمتی ہے جھوٹ بولنے والووں کو جواب نہیں دے سکتے، جو زیادہ آواز میں بات کر رہا ہے وہ زیادہ رابطوں میں ہے،24اپریل کے جلسے کے بعد ہر شہر کا دورہ کریں گے،اگر وکٹوں کا مسئلہ ہے تو ہزاروں وکٹیں گراچکے ہیں۔

مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان کو جوڑنے آئے ہیں، سمجھ نہیں آتی کس کا نام لوں کس کا نہ لوں، متحدہ اپنے لوگوں کو بتائیں نہ کہ اپنے لوگوں سے جھوٹ بولیں،ہم نے لوگوں کے بنیادی مسائل کی بات کرنی ہے اور حالات کو ٹھیک کرنے آئے ہیں، 30برسوں میں2نسلیں تباہ ہوگئیں، ایک نسل پابند سلاسل ہے، لوگ ہماری باتوں کو سمجھ رہے ہیں،ایم کیوایم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ رکنے والا نہیں ہے،متحدہ قائد وہ سچ بولیں جو اسکاٹ لینڈ یارڈ اور رحمان ملک کو بتایا،متحدہ قائد سے اسکاٹ لینڈ یارڈ نے جو پوچھا بھی نہیں وہ بھی اعتراف کیا۔

دبئی میں ہمارے سامنے ٍرحمان ملک کو متحدہ قائد نے بریف کیا محمد نور،طارق میر نے سب کچھ اعتراف کیا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اشفاق منگی نے کہا کہ ہم سب پر الزامات لگنا شروع ہوئے تو ہم سب ہل گئے،پاک سرزمین پارٹی نوگو ایریا میں گئی تو سچ کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا،میرے ساتھ آنے والے سب مرکزی کمیٹی کے رکن ہیں،تمام لوگ اپنے دوستوں کے ساتھ شامل ہورہے ہیں،مصطفی کمال کو سنا توپتہ چلا ہم خدمت نہیں کررہے۔عوام کی خدمت نہ کرسکنے پر معذرت کرتاہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ سے کشمور تک پارٹی کے ذمہ دار ہمارے ساتھ ہیں۔ سابق زونل انچارج بھی پاک سرزمین پارٹی میں آرہے ہیں،مصطفی کمال کو سن کر فیصلہ کیا اب سیاست نہیں کرونگا۔