پانامہ لیکس اپوزیشن کی کارستانی ہے ، کسی کو انتشار پھیلانے نہیں دیں گے ‘ ملک محمد افضل کھوکھر

ملک کو ترقی اور خوشحالی کی پٹری پر گامزن کیا ،ہم سب مل کرعوام کی فلاح و بہبود پر آنچ نہیں آنے دیں گے‘ مشیر وزیر اعظم

پیر 18 اپریل 2016 18:22

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) مشیر وزیر اعظم و رکن قومی اسمبلی ملک محمد افضل کھوکھر نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے اپنے دور میں عوامی بہبود کے کاموں پر توجہ نہ دی ،اب ہمارے عیب ڈھونڈرہے ہیں ،مخالفین ہر بار ناکامی پر کوئی نیا پراپیگنڈہ کرکے قوم کو منتشر کرنا چاہتے ہیں ،قابل افسوس امر یہ ہے کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی مخالفین مخالفت میں یہ بھی بھول گئے ہیں کہ وہ اپنے ہی ملک کی عوام کو نقصان پہنچانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیر تعمیر ماڈل بازار وحدت کالونی کے سروے کے موقع پر میڈیا سے کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے اس موقع پر تعمیر کے کام میں سست روی پر انتظامیہ کی سرزنش کی جبکہ اپنے دفتر وزیر اعلیٰ ہاؤس کلب روڈ پر حلقہ سے آئے ہوئے کاکنوں کے مسائل سنے اور چیف کوآرڈی نیٹر ملک عرفان شفیع کھوکھر کی ڈیوٹی لگائی کہ وہ کارکنوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروائیں ۔

(جاری ہے)

ملک محمد افضل کھوکھر نے کہا کہ قائدین نے ملک کو قائدؒ و اقبالؒ کے ویژن کے مطابق ترقی اور خوشحالی کی پٹری پر گامزن کیا ہے ،ہم سب مل کرعوام کی فلاح و بہبود پر آنچ نہیں آنے دیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پانامہ لیک سکینڈل اپوزیشن کی کارستانی ہے ،گڑھے مردے اکھاڑنے سے قوم کا بھلا نہیں ہوگا ،بلکہ جمہوریت کمزور ہوگی ،کسی کو انتشار نہیں پھیلانے دیں گے ،وزیر اعظم نواز شریف کی کردار کشی شرمناک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے از حد سنجیدہ ہے ،ایل این جی منصوبہ دسمبر تک مکمل ہوجائے گا ،جس سے توانائی بحران کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر حل کروانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرے ،امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل بے حد ضروری ہے ،انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے جوڑنا کسی طور بھی جائز نہیں،انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں نیشنل ایکشن پلان پر کامیابی سے عمل درآمد جاری ہے ،چھوٹو گینگ کوئی اتنابڑا مسئلہ نہیں ،ہمارے بہادرفوجی کمانڈرآرمی چیف جنرل راحیل شریف چند گھنٹوں میں ٹھیک کرسکتے ہیں،قوم کو غیر محفوظ نہیں چھوڑ یں گے۔