سول سوسائٹی شہر کو آلودگی سے پاک کرنے اور صفائی وستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے،ایڈمنسٹریٹرشرقی

پیر 18 اپریل 2016 18:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) ایڈمنسٹریٹربلدیہ شرقی رحمت اﷲ شیخ نے ہیٹ اسٹروک کے مکمل خاتمے ،آلودگی کے خاتمے اور صفائی و ستھرائی کے سلسلے میں اقدامات کرتے ہوئے جوہرہل ایسوسی ایشن کے وفد کے ساتھ تفصیلی میٹنگ کی ۔ میٹنگ میں ضلع میں ہریالی میں اضافے ، صفائی وستھرائی، سڑکوں کی استرکاری اور دیگر امور زیر غور لائے گئے ۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر رحمت اﷲ شیخ نے کہا کہ ضلعی سطح پر بلدیہ شرقی میں ہریالی کے اضافے اور صفائی وستھرائی کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں، متوقع ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت ضلع شرقی میں 4000 سے زائد پودے لگائے جاچکے ہیں ، ہماراہدف 10000 سے زائد پودے لگانا ہے اور اس مقصد میں کامیابی کیلئے این جی اوز، اسکول کالجز اور یونیوسٹی کے طالب علموں کے ساتھ مل کر شجرکاری و آگاہی مہم کو یقینی بنارہے ہیں،اس کے علاوہ گرین بیلٹس اور چوراہوں کو بھی گرین کیا جارہا ہے ، اس موقع پر انہوں نے تمام سول سوسائٹیز سے اپیل کی کہ وہ شہر بھر میں ہیٹ اسٹروک کے خاتمے کیلئے ہریالی کے اضافے اور عوام میں آگاہی مہم میں شامل ہوکر اپنا کردار نبھائیں تاکہ باہمی تعاون سے شہر کو خوبصورت بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

جوہر ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کو اپنے تعاون کی مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کیلئے اپنی تمام تر کاوشوں کر بروئے کار لاکر اقدامات یقینی بنائے جائیں گے مزید براں انہوں نے چند مسائل کی طرف نشاندہی کراتے ہوئے کہا کہ صفائی و ستھرائی کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں جبکہ گلستان جوہر کانٹینینٹل بیکری سے متصل سڑک اور اندرونی علاقوں میں بھی پودے لگائے جائیں ، انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کے باہمی تعاون سے ہی شہر صاف ستھرا اور سرسبز بنایا جاسکتا ہے ، ایڈمنسٹریٹررحمت اﷲ شیخ نے جوہر ایسوسی ایشن کے چیئرمین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کرصفائی ستھرائی اور نئے پودوں کو لگانے کیلئے اقدامات یقینی بنائے جائیں گے، مگر اس کی دیکھ بھال ہم سب کی ذمہ داری ہے ، عوامی آگاہی کیلئے ایسوسی ایشن اقدامات کرے، کیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر صفائی و ستھرائی و شجرکاری مہم کو کامیاب نہیں بنایا جاسکتا ، علاوہ ازیں انہوں نے ایسوایشن کے وفد کے ہمراہ کانٹینینٹل بیکری سے متصل اندرونی علاقے کادورہ کرکے بلدیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر سینئر ڈائریکٹرسالڈ ویسٹ اقبال احمد اور دیگر افسران موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :