فاقی وزیر برائے پلاننگ و ڈویلپمنٹ پروفیسر احسن اقبال کی تمام تجاویز بشمول چائنا پاکستان بزنس پلیٹ فارم بنانے کے مشورے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، میاں زاہد حسین

پیر 18 اپریل 2016 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 اپریل۔2016ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینیئر وائس چےئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر برائے پلاننگ و ڈویلپمنٹ پروفیسر احسن اقبال کی تمام تجاویز بشمول چائنا پاکستان بزنس پلیٹ فارم بنانے کے مشورے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

انکی تمام تجاویز ملک و قوم کے عظیم تر مفاد میں ہیں جن پر فوری عمل کیا جائے تاکہ مسائل ختم ہوں اور پاکستان کی تعمیر اور ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا جا سکے۔ میاں زاہد حسین نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر بننے والے اکنامک زونز میں مشترکہ پیداواراور پاکستان کی افرادی قوت کی چین کے صوبے شیڈونگ میں تربیت کی تجویز نہایت مناسب ہے کیونکہ ہمارا ملک تربیت یافتہ افرادی قوت کے معاملے میں پیچھے ہے جس سے مقامی پیداوار، پروڈکشن کے معیار اور بیرون ملک مین پاور کی برآمد پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

چین اور پاکستان کے مابین کاروباری افراد، اساتزہ اور طلباء کے وفود کا تبادلہ نہ صرف تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ دوست ملک کی منڈی کے بارے میں بہتر معلومات کے سبب پاکستانی برآمدات بھی بڑھیں گی۔انھوں نے کہا کہ دونوں ملک ٹیکسٹائل، توانائی، انجینئرنگ، ایگرو انڈسٹری اور زراعت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھا سکتے ہیں جبکہ پانی کی بچت کے سلسلے میں انکے تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے کیونکہ پاکستان میں پانی کی کمی شدت اختیار کرتی جا رہی ہے جبکہ وسائل بڑھانے یا موجودہ وسائل کے بہتر استعمال کیلیئے کچھ نہیں کیا جا رہا۔

میاں زاہدحسین نے کہا کہ چین نے اقتصادی راہداری کیلیئے پاکستان کا انتخاب کر کے انقلابی فیصلہ کیا ہے جس سے پاکستان کی عالمی امیج اور انوسٹمنٹ پورٹفولیو میں اضافہ ہوا ہے جس سے ملک دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کی نظروں میں آ گیا ہے۔ اب اس منصوبے کو کامیابی سے مکمل کرنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ پاکستان سرمایہ کاروں کی جنت بن سکے۔

متعلقہ عنوان :