کراچی، وجہ بتائے بغیرشہریوں کو کے الیکٹرک کے اضافی بل موصول ہو رہے ہیں، ریجنل آفس وفاقی محتسب

پیر 18 اپریل 2016 16:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) وجہ بتائے بغیر غریب شہریوں کو کے الیکٹرک کے اضافی بل موصول ہو رہے ہیں جس سے بجلی صارفین میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ یہ بات وفاقی محتسب ریجنل آفس کی سینئر ایڈوائزر فرزانہ جبیں نے کہی کہ وہ کے الیکٹرک کی اضافی بلنگ کے خلاف ضلع ملیر کے شہریوں کی جانب سے دی جانے والی درخواستوں کی سماعت کر رہی تھیں۔

فرزانہ جبیں نے کہا کہ صارفین کی شکایت ہے کہ ماہانہ بلز کی ادائیگی ہر ماہ باقاعدگی سے کرنے کے باوجود اچانک کسی دن انہیں بھاری رقم کو اضافی بل بھیج دیا جاتا ہے جس سے صارفین دم بخودرہ جاتے ہیں اور بلوں کو ہاتھوں مین لئے مردخواتین کے الیکٹرک کے دفتروں کے دھکے کھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کا عملہ کہتا ہے کہ بل کی قسط کرواکے بل بھردو تو بجلی نہیں کٹے گی جب غریب شہری جیسے تیسے اگر قسط بھر بھی دیں تب بھی دوسرے بل کے ساتھ لگ کر دوبارہ آجاتا ہے جس سے اندازہوتا ہے کہ محکمہ کے الیکٹرک میں رابطے کا اس قدر فقدان ہے کہ قسط جمع کرانے کے باوجود Allowanceنہیں دیا جاتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک ایسی حکمتِ عملی اختیار کرے کہ عام لوگوں کو اضافی بل وصول ہونے کی وجہ معلوم ہوسکے۔ وفاقی محتسب کے ایڈوائزر محمد یامین نے زائد بلنگ سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران بجلی صارفین کے بلوں سے اضافی بلنگ کا خاتمہ کرکے انہیں فوری انصاف فراہم کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نیپرا رولز پر عمل کرے تو جرمانے کی رقم کم ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کو تاحال سب سے زیادہ درخواستیں کے الیکٹرک کی زائد بلنگ کے خلاف موصول ہو رہی ہیں اور وفاقی محتسب سے فوری اوردہلیز پر انصاف ملنے کے باعث شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور سیکٹروں درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ محتسب عدالت کے ایڈوائزروں نے جن شہریوں کی درخواستوں کی سماعت کی اُن میں بیگم محمد فہیم، سید عارف حسین، مرسلین، محمد اسد، محمد علی، محمد ایوب، محمد حسین، سید کرار حیدر اور محمد انور حسین شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :